اسلامی یونیورسٹی : 12 خوش نصیب عمرہ 2 حج کی سعادت حاصل کریں گے

                بین الاقوامی یونیورسٹی اپنے 12 ملازمین کو عمرہ جبکہ 2 کو حج کی سعادت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گی، اس ضمن میں خصوصی قرعہ اندازی کا انعقاد جامعہ کی یونیورسٹی سٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن (اسوہ) نے منگل کے روز کیا جبکہ اس تقریب کے مہمان خصوصی صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش تھے۔ اس تقریب میں جامعہ کے نائب صدر ڈاکٹرمحمد منیر، ڈاکٹر طاہر خلیلی ، دیگر اعلیٰ عہدیدران اور گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین شریک تھے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم دنیا کی خدمت کر رہی ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ حج کے لیے دو ملازمین کے لیے مجاملہ ویزہ کا اہتمام کریں گے ۔ انہوں نے تلقین کی کہ یونیورسٹی کے مفاد کو اولین ترجیح دی جائے اور باہمی عناد کی فضا کا مکمل خاتمہ ہونا چاہیے ۔ اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی کے ملازمین کے مسائل اولین بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

  اس موقع پر جن خوش نصیبوں کے نام قرعہ اندازی میں نکلے ان میں اقرار حسین، عزیز اللہ، اسفند یار خان، فضل الرحمن ، محمد حسن ، محمد آفتاب، رسالت حسین، محمد انور، شہزاد گل ، محمد یاسر جبکہ دو خواتین میں سعدیہ انجم اور دوریہ اسلام شامل ہیں۔ علاوہ ازیں صدر جامعہ کے اعلان کے مطابق حج کے لیے جن دو خوش نصیبوں کے نام سامنے آئے ان میں مہناز حنا اور محمد سفیر شامل ہیں۔