اسلامی یونیورسٹی: دعوہ اکیڈمی کونسل کے 28 ویں اجلا س کا فیصل مسجد کیمپس میں انعقاد

 

بین الاقوامی یونیورسٹی کے ذیلی ادارہ دعوہ اکیڈمی کی کونسل کا28 واں اجلاس گزشتہ روز فیصل مسجد کیمپس میں منعقد ہوا جس کی صدارت جامعہ کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کی۔ دعوہ کونسل کے ممبران میں جسٹس ریٹارئرڈ فدا محمد خان، دعوہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سہیل حسن، یونیورسٹی کے نائب صدرڈاکٹر محمد منیر ، سابق ڈائریکٹر جنرل شریعہ اکیڈمی ڈاکٹر محمد یوسف فاروقی ، زاہد اشرف( اشرف لیبارٹریز فیصل آباد) ، انچارج خواتین ونگ جماعت اسلامی ڈاکٹر سمعیہ راحیل قاضی، انچارج ٹریننگ دعوہ اکیڈمی شاہد رفیع اورایڈیشنل ڈائریکٹر امتحانات عتیق چغتائی نے شرکت کی ۔ دعوہ اکیڈمی کونسل کے شرکاءنے ریجنل سنٹر سندھ کی طرز پر ریجنل سنٹر چترال ، وزارت مذہبی امور اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ فنڈ کی فراہمی ، اور تربیتی پروگراموں کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی سفارشات پیش کیں۔ اس موقع پرصدر جامعہ نے اپنے صدارتی خطبہ میں دعوہ اکیڈمی کے زیر اہتمام جاری تربیتی پروگراموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے رمضان المبارک میں اعتکاف اور قیام اللیل کے بہتیرین انتظامات کو بھی سراہا۔صدر جامعہ نے اکیڈمی کے زیر انتظام ملکی اور بین الاقوامی پروگراموںکو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کونسل کے اجلاس کو تسلسل کے ساتھ انعقاد بارے ہدایات بھی جاری کیں۔

دعوہ اکیڈمی، بین الاقوامی اسلامی یو نیورسٹی اسلام آباد کا ایک ذیلی ادارہ ہے جس کا مقصد اور دائرہ کار مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے ان کے شعبہ سے متعلق بنیادی اسلامی تربیتی پروگرام کے انعقاد، اسلامی کتب اورسی ڈیز کی تیاری واشاعت،دروس، خطبات، کانفرنسوں ، سیمینار، ریڈیو پروگرام اور مراسلاتی کورسوں کے ذریعہ سے اسلام کے عقائد و مقاصد، شعائر و تعلیمات اور نظریہ حیات کی تعلیم و ترویج ہے۔