اسلامی یونیورسٹی میں اقبال اور نسل نو کے  موضوع پر سیمینارکا انعقاد

 بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ اردو( خواتین کیمپس) کےزیر اہتمام اقبال اور نسل نو کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار کا اہتمام کیا گیا ۔

فیصل مسجد میں منعقدہ اس پروگرام کے مہمان خصوصی پروفیسر جلیل عالی تھے جبکہ پروگرام کی صدارت صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش اور ذوالفقار احمد چیمہ نے کی۔ اس موقع پر شعبہ اردو (خواتین ) کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف ، شعبہ اردو میل کیمپس کے سربراہ ڈاکٹر عزیزابن الحسن، آئی جی موٹر وے پولیس زبیر ہاشمی ، اور شعبہ کے دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے جن میں ڈاکٹر سعدیہ طاہر ، ڈاکٹر کامران کاظمی ، ڈاکٹر شیراز فضل داد،  ڈاکٹر غلام فریدہ ، ڈاکٹر صباحت مشتاق اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر جلیل عالی نے موجودہ صورت حال کے تناظر میں فکر اقبال کی اہمیت پر گفتگو کی۔ اپنی گفتگو میں ڈاکٹر جلیل عالی نے اقبال کی فکر میں مذہبی حوالے کو اجاگر کیا۔ سیمینار سے خطاب میں ذوالفقار احمد چیمہ نے کلام اقبال کی روشنی میں نسل نو میں شعور اور بیداری کو موضوع سخن بنایا۔ صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے اپنے خطاب میں امت مسلمہ کے لیے اقبال کے سینے میں درد اور ان کی شاعری میں پنہاں آفاقی پیغام پر گفتگو کی۔   پروگرام کے آخر میں صدر شعبہ اردو ڈاکٹر نجیبہ عارف نے شرکاء کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ فکر اقبال پر تعلیمی و تحقیقی مباحثوں کاانعقاد مستقبل میں کیا جاتا رہے گا۔