چینی جامعات کے وفد کا دورہ اسلامی یونیورسٹی ، دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

چین کی 40 جامعات کے نمائندوں پر مبنی وفد نے بدھ کے روز بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اراکین وفد نے صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سے ملاقات کی جبکہ اس موقع پر وفد کو جامعہ کے نائب صدر اور ڈینز ، شعبہ جات کے سربراہان اور اساتذہ سے بھی ملوایا گیا۔ اس موقع پر جامعہ کی اعلیٰ قیادت اور وفد نے دو طرفہ تعاون کے مواقعوں اور تجربات کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا۔

              وفد کو ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے جامعہ کے وژن ، خدمات اور اہداف کے حوالے سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جامعہ میں 700 کے قریب چینی طلباءو طالبات زیر تعلیم ہیں جو اعلیٰ معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفد کے جملہ اراکین سے فرداً فرداً مل کر ان کی یونیورسٹی کے بارے میں جان کر متعلقہ عہدیدران دوطرفہ تعاون کے مواقعوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اراکین وفد نے بہترین استقبال پر صدر جامعہ کا شکریہ ادا کیا اور جامعہ میں دی گئی سہولتوں اور ٹیکنالوجی سے متعلقہ لیبارٹریز میں خصوصی دلچسپی لی۔

اس موقع پر وفد کو جامعہ کی دستاویزی تعارفی فلم بھی دکھائی گئی جبکہ بعد ازاں وفد کے ارکان نے مرکزی لائبریری اور الفارابی کمپلیکس کا بھی دورہ کیا۔