اسلام امن ‘ بھائی چارے اور برداشت کا درس دیتا ہے، مسلم ممالک اسلامی تعلیمات کی چھتری تلے یکجا ہوں، ڈاکٹر الدریویش

ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش کا تین بر اعظموں کے 18 ممالک سے 18 دعوتی تنظیموں کے نمائندوں سے خطاب

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہاہے کہ قرآن و حدیث اور سیرت طیبہ میں اسلام کی تمام تعلیمات واضح ہیں ‘اسلام امن ‘ بھائی چارے اور برداشت کا درس دیتا ہے اور اس کی تعلیمات واضح ہیں۔ ۔مسلم ممالک کو اسلامی ثقافت کی چھتری تلے یکجا ہو کر اسلام دشمن سازشوں کا مقابلہ کرنا چاہیے ۔ یہ بات انہوں نے گذشتہ روز دعوہ اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام ستائیسویں  انٹرنیشنل ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ پروگرام میں شریک تین بر اعظموں کے 18 ممالک سے 18 دعوتی تنظیموں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جن ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی ان میں سری لنکا ‘ کمبوڈیا ‘میانمار ‘کینیا‘ جنوبی افریقہ ‘یوگنڈا‘گھانا اور کیوبا شامل ہیں ۔ صدر جامعہ نے کہا کہ اسلام کا پیغام حکمت اور نرمی کے ساتھ دینا مسلمانوں کی ذمہ داری ہے جبکہ ہدایت اللہ کی طرف سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدت پسندی اور اپنی بات کو بزور بازو منوانے کی روش اسلامی تعلیمات کے منافی ہے ‘ انسانیت کی خدمت ایک دوسرے کے ساتھ اچھے روابط اور اللہ کے احکامات کی پابندی انسانیت کا بہترین حسن ہے۔ حلال و حرام یعنی جس چیز سے اللہ نے منع کر دیا اس سے رک جانا اور جن کاموں کے کرنے کی تاکید کی گئی ہے ان کو اللہ کی رضا کی خاطر کرنا ہی بندی ہے۔ نصیحت کی ذمہ داری تمام مسلمانوں پر لازم ہے معاملات کو سمجھنے کیلئے قرآن حدیث اور سیرت سے راہنمائی لینے کی ضرورت ہے ۔ فرقہ واریت اور گروہ بندیوں سے منع کیا گیا ہے زندگی کے تمام معاملات میں اسلامی ثقافت کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں صدر جامعہ نے دعوةاکیڈمی کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور دین کی دعوة کے تمام پروگراموں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس ادارہ کا مقصد عالم اسلام میں اسلام کا پیغام پہنچانا ہے اور ان پروگراموں میں شریک احباب اس ادارے کا اثاثہ اور سفیر ہیں آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ اس پیغام کو آگے بڑھائیں ۔