میانہ روی حق کا دوسرا نام ہے اور شریعت بھی اسی چیز کا درس دیتی ہے، امام کعبہ

امام کعبہ صالح بن محمد آل طالب نے کہا ہے کہ میانہ روی حق کا دوسرا نام ہے اور شریعت بھی اسی چیز کا درس دیتی ہے تاہم میانہ روی سے مراد شریعت میں تخفیف نہیں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شام بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس میں ’قرآن و سنت کی روشنی میں میانہ روی کی ترویج و اشاعت : پاکستان اور سعودی عرب کا کردار“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ امام حرم نے اپنی تقریر میں پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور پوری امت مسلمہ کے لیے باعث فخر ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی افرادی قوت کا امت مسلمہ کی ترقی میں کردار مثالی ہے اور پاک سعودی تعلقات بے مثال اور مضبوط ترین ہیں ۔ انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی امت مسلمہ کے لیے خدمات کو بھی سراہا اور اسلام کے پیغام امن کی ترویج کے لیے جامعہ کے اقدامات کی بھی تعریف کی ۔ اس موقع پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے امام کعبہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سعودی تعاون نے اس یونیورسٹی کو حقیقی معنوں میں ایک بین الاقوامی جامعہ بنا دیا ہے ۔ جس میں سعودی سفیر نواف المالکی اور صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش کا کردار کلیدی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب کے لیے اپنے دلوں میں بے پناہ محبت رکھتے ہیں اور امام کعبہ کا والہانہ استقبال اس کی واضح مثال ہے ۔ سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ عصر حاضر کا تقاضا ہے کہ دین اسلام کے میانہ روی کے پیغام کو عام کیا جائے اور سعودی حکومت کی اس ضمن میں خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کیونکہ سعودی حکومت دراصل لادینیت ، الحاد اور انتہا پسندی کی روک تھام کے لیے میانہ روی اور امن کے پیغام کی سب سے بڑی داعی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حرم مکہ کے ائمہ کی علمی ،دینی ، مادی اور معنوی خدمات مثالی ہیں اور سعودی حکومت کے وژن کی عکاس ہیں ۔ ڈاکٹر الدریویش نے اپنی خطاب کے آخر میں یونیورسٹی کی جانب سے میانہ روی کی ترویج و اشاعت کے لیے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے بھی تفصیلی تذکرہ کیا۔ اس پروگرام میں سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی سمیت دیگر ممالک کے سفارت کار ، نامور مذہبی و سماجی شخصیات اور اسلامی یونیورسٹی کے نائب صدور و طلبہ و طالبات بھی شریک تھے۔

قبل ازیں امام کعبہ نے فیصل مسجد میں نماز مغرب کی امامت کی اور اس موقع پر امت مسلمہ کی ترقی کی دعا کی اور پاک سعودی تعلقات کو مثالی اور مضبوط ترین قرار دیا ۔