چینی سفیر کا  فیصل مسجد کا دورہ

 پاکستان میں چین کے سفیر نانگ رانگ نے  منگل کے روز فیصل مسجد کا دورہ کیا جہاں  بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی دعوہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد

الیاس نے ان کا ااستقبال کیا۔چینی سفیر نے مسجد کے مختلف حصوں، تصمیم اور طرز تعمیر میں خصوصی دلچسپی لی  جبکہ اس موقع پر ڈی جی دعوہ اکیڈمی نے ان کو اسلامی یونیورسٹی  کے تعلیمی پروگراموں،  وژن ، خدمات اور  ذیلی اداروں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔سفیر نے فیصل مسجد اسلامک سنٹر میں  درس قران کی کلاس کا بھی دورہ کیا اور زیر تعلیم طلبا سے ملاقات کی  جہاں انہیں سنٹر  میں  حفظ، قرات اور طرز تعلیم کے حوالے  سے بریفنگ دی گئی۔ چینی سفیر نے بچوں سے ملاقات کے دوران ان کی محنت کو  سراہا ۔

 مسجد کے ہال میں ڈی جی دعوہ اکیڈمی سے ملاقات کے دوران  سفیر نے پر تپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ انہیں اس تاریخی مسجد کےدورہ اور بچوں سے ملاقات پر دلی مسرت ہوئی ہے۔  انہوں نے کہا کہ فیصل مسجد  دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان کا ذریعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  ہر چینی شہری کا دل پاکستان کے لیے محبت  سے لبریز ہے اور پاک چین تعلقات تاریخی و مثالی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی جذبہ دوستی ہمیں آنے والی نسلوں میں منتقل کرنا ہے تاکہ   مستقبل میں یہ رشتہ اور مضبوط ہو۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد الیاس نے کہا کہ چینی سفیر کا خصوصی دورہ اور حفاظ سے ملاقات باعث مسرت ہے۔ انہوں نے پاک چین دوستی کی مضبوطی پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اسلامی یونیورسٹی میں اس وقت سات سو سے زائد چینی طلبا زیر تعلیم ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر   دعوہ اکیڈمی جانب سے اسلامی تعلیمات کی ترویج، دین اسلام کے پیغام امن کے لیے  پروگراموں، کورسز اور  مطبوعات کے بارے میں اگاہ کیا اور چینی زبان میں ترجمہ کی گئی اکیڈمی کی مطبوعات کے بارے میں بھی بتایا۔ دورے کا اختتام تلاوت قران پاک سے ہوا جن کی قرات کی سعادت ڈاکٹر محمد الیاس نے حاصل کی ۔ اس موقع پر دعوہ اکیڈمی کے  ڈائریکٹر براے انتظامی و مالیاتی امور خالد محمود راجہ،  انچارچ فیصل مسجد اسلامک سنٹر   ڈاکٹرقاری ضیا الرحمان، اور دیگر متعلقہ عہدیداران بھی موجود تھے۔