صدر جامعہ ڈاکٹر الدریویش کا نئی تعیناتی کے بعد یونیورسٹی آمد پر والہانہ استقبال

 صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش اپنی نئی تعیناتی کے بعد پہلی مرتبہ جامعہ کے نیو کیمپس پہنچے جہاںیونیورسٹی کے نائب صدور ، ڈینز ، اساتذہ ، افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے ا ن کا پرتپاک استقبال کیا، ان کی آمد کی خوشی میں ان کے حق میں نعرے بازی کی اور پتیاں نچھاور کیں۔

پیر کے روزنیو کیمپس آمد پر جملہ اعلیٰ عہدیدران نے صدر جامعہ کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے جبکہ اس موقع پر ڈاکٹر الدریویش نے کیک بھی کاٹا ۔ ڈاکٹر الدریویش کو خوش آمدید کہنے والوںکی تعداد اس قدر تھی کہ چند میٹر کا فاصلہ انہوں نے آدھے گھنٹے میں طے کیا اور جملہ متعلقین سے فرداً فرداً گلے ملے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد یوسف الدریوش نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی سے انہیں ہمیشہ بے پناہ پیار ملااور کہا کہ اس پرتپاک استقبال نے ان کی ذمہ داریاں اور بھی بڑھا دی ہیں اور عزم کیا کہ وہ پہلے سے دگنی محنت کر کے جامعہ کو عالمی سطح پر نامور اداروں کی فہرست میں لائیں گے۔ ڈاکٹر الدریویش کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف جامعہ کے اساتذہ ، سٹاف اور طلباءکے لیے بہترین ماحول کی فراہمی ہے جو کہ مشترکہ اقدامات و کاوشوں کے بغیر نا ممکن ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی پاک سعودی باہمی تعاون و دیرپا تعلقات کی عظیم مثال ہے اور یہ وہ جامعہ ہے کہ جس کے لیے ائمہ حرم بھی دعا کرتے ہیں۔ صدر جامعہ نے کہا کہ ہمیں باہمی عناد اور عصبیتوں کو بھولنا ہو گا اور امت مسلمہ کو اعلیٰ معیاری تعلیم کا ایسا معیاری مرکز فراہم کرنا ہو گا جو ان کے مسائل کے حل کا تلاش کرنے والے افراد مہیا کرے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جامعہ کے عہدیدران کا اولین مقصد اس ادارے کی خوشحالی ، فلاح و ترقی ہونا چاہیے کہ یہی نسلوں کو سنوارنے کا مرکز ہے ۔

اس موقع پر نائب صدور جامعہ، ڈینز ڈی جی، ڈائریکٹرز و اساتذہ نے صدر جامعہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا ، ان کی قیادت پر اظہار اعتماد کیا اور ان کی جامعہ و امت مسلمہ کے لیے خدمات کو سراہا۔