صدر اسلامی یونیورسٹی سے کرغستان کے سفیر کی ملاقات ،دو طرفہ تعلیمی تعاون پر تبادلہ خیال

 

صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ،ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سے کرغستان کے سفیر ایرک بیشم بیف نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلیمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔

     ملاقات میں صدر جامعہ اور کرغستان کے سفیر نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دو طرفہ تعلیمی تعلقات میں وسعت کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ کرغستان کے سفیر نے دوران ملاقات اسلامی یونیورسٹی کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور خواہش ظاہر کی کہ اسلامی یونیورسٹی کرغستان کی جامعات کے ساتھ تعلیمی منصوبوں پر کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورکرغستان کے تعلقات مثالی ہیں۔ سفیر نے پیغام امن کی ترویج میں اسلامی یونیورسٹی کے کردار اور امت مسلمہ کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے کاوشوں پر ڈاکٹر الدریویش کی تعریف کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر الدریویش نے سفیر کو اسلامی یونیورسٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں حالیہ پیغام پاکستان بیانیہ سمیت کئی ایک اہم کانفرنسز اور دیگر تعلیمی و تعمیری سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

صدر جامعہ نے اس عزم کو دہرایا کہ عصر حاضر کے چیلنجز کے حل کی تلاش کے لیے جامعہ پوری دنیا کی جامعات کے ساتھ تعاون و اشتراک کی خواہاںہے جبکہ اسلامی یونیورسٹی اسلام کے پیغام امن و اعتدال کی اشاعت و ترویج کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔ اس ملاقات میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز اور ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد ضیا ءالحق بھی شریک تھے۔