اسلامی یونیورسٹی کے وفدکی نور الحق قادری سے ملاقات،دینی تعلیم و پیغام امن کے فروغ پر تبادلہ خیال


بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی  کے اعلی سطح کے وفد نے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری سے ملاقات کی جس میں دینی تعلیم کے امور اور اسلام کے پیغام  امن کے فروغ میں جامعات کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

پیر کے روز  ہونے والی اس ملاقات میں وفاقی وزیر نے مسلم دنیا کے لیے اسلامی یونیورسٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جامعہ امتِ مسلمہ کے نوجوانوں کو اسلامی اقدار سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔انہوں نے مذہبی تعلیم اوروزارت سے متعلقہ کسی بھی شعبے میں جامعہ کے ساتھ تعاون کی بھر پور یقین دہانی بھی کرائی۔

جامعہ کے وفدنے وزیر مذہبی امور کونئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے جامعہ کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی اور اس کی موجودہ  تدریسی  اور معاشرے میں بہتری سے متعلقہ سرگرمیوں  بارے آگاہ کیا۔ اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر اور صدر کا کہنا تھا کہ عصر حاضر میں شدت پسندی جیسے چیلنجزسے نمٹنے میں  جامعات کا کردار کلیدی ہے اور اسی وژن کے ساتھ جامعہ نے پیغام پاکستان بیانیے جیسے اقدامات پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔