تھائی لینڈ کے سفیر کی صدر اسلامی یونیورسٹی سے ملاقات

اسلام آباد: تھائی لینڈ کے سفیر چکرید کراچئی وانگ نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی سے ان کے دفترمیں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول تعلیم کے فروغ اور اعلی تعلیمی اداروں کے درمیان دو طرفہ روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تھائی سفیرنے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے اسلامی یونیورسٹی کی خدمات کی تعریف کی اور یونیورسٹی کے امن اور رواداری کو پھیلانے کے وژن کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ اورتھائی یونیورسٹیوں کے مابین دوطرفہ تعلقات و روابط کو مضبوط کرنے میں بھرپور تعاون کیا جاے گا۔
اسلامی یونیورسٹی کے صدر نے سفیر کو یونیورسٹی کے دائرہ کار، وژن، نئے اسٹریٹجک پلان، بین الاقوامی طلباء، اور تاریخ سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جامعہ مزید تھائی طلباء کو خوش آمدید کہے گی اور ان کی ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔۔ انہوں نے بتایا کہ جامعہ میں غیرملکی طلباء کی طرف بڑی تعداد زیر تعلیم ہے جو بہترین ماحول میں اعلی معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ھذال نے سفیر کو امن اور اعلیٰ معیاری تعلیم کے فروغ میں جامعہ کے کردار کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔