اسلامی یونیورسٹی کا 11 واں کانووکیشن 13 ،14 فروری کو کنونشن سنٹر میں منعقد ہو گا

 

 کانووکیشن میں 13111 طلباءو طالبات کو ڈگریاں عطا کی جائیں گی، 319 طلباءو طالبات کو طلائی تمغے عطا کیے جائیں گے

 

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کا 11 واں کانوکیشن 13 اور 14 فروری کو جناح کنونشن سنٹر میں منعقد ہو گا جس میں پہلے روز طلبہ کو 6385 جبکہ دوسرے روز طالبات کو 6726 ڈگریاں عطا کی جائیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی کی 39 سالہ تاریخ میں یہ 11 ویں تقریب تقسیم اسناد ہو گی جس میں کل 13111 طلباءو طالبات کو ڈگریاں عطا کی جائیں گی جبکہ اس کے بعد قیام سے لے کر اب تک جامعہ کی طرف سے عطا کی گئی مجموعی ڈگریوں کی تعداد 51113 ہو جائے گی۔ اس کانوکیشن میں کل 206 پی ایچ ڈی طلباءو طالبات کو ڈگریاں دی جائیں گی جبکہ جامعہ کے مجموعی پی ایچ ڈی محققین کی تعداد 419 ہو جائے گی ۔اس کانوکیشن میں کل319 طلباءو طالبات کو طلائی تمغے عطا کیے جائیں گے۔ اسلامی یونیورسٹی کی انتظامیہ کے مطابق اس اہم تقریب کے لیے تمام تیاریاں آخری مراحل میں ہیںجبکہ اس دو روزہ سرگرمی میں کئی ایک ممالک کے سفراء، موجودہ وزراء، جامعہ کے موجودہ و سابق اعلیٰ عہدیدران ، محققین اور ڈگریاں حاصل کرنے والے طلباءو طالبات کے والدین بھی شرکت کریں گے۔