اسلامی یونیورسٹی میں پروفیسر ظفر اسحاق انصاری کے نام سے منسوب کانفرنس و مکالمہ روم کا افتتاح

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف اصول الدین میں جامعہ کے اقبال بین الاقوامی ادارہ براے تحقیق و مکالمہ کی طرف سے بناے گئے پروفیسر ظفر اسحاق انصاری کے نا م سے منسوب کانفرنس و مکالمہ روم کا افتتاح کر دیا گیا۔مرحوم پروفیسر ظفر اسحاق انصاری معروف اسلامی سکالر تھے جو کہ جامعہ میں بطور صدر، نائب صدر، سربراہ شریعہ اکیڈمی اور سربراہ ادارہ تحقیقات اسلامی بھی رہے۔.

اس افتتاحی تقریب میں ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یاسین زئی،صدرِ جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی اور سابق سیکریٹری کابینہ ڈویژن  سید احمد ابو عاکف نے شرکت کی. سید عاکف نے ڈاکٹر ظفر اسحاق انصاری کی فیملی کی نمائندگی کی. اس موقع پر نائب صدر براے اعلی تعلیم و تحقیق ڈاکٹر احمد شجاع سید سمیت فیکلٹی آف اصول الدین کے ڈین ڈاکٹر تاج افسر، اقبال بین الاقوامی ادارہ براے تحقیق و مکالمہ کے سربراہ ڈاکٹر حسن الامین،  شعبہ جات کے سربراہان اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔.

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے کہا کہ علم کی میراث سے تعلق جوڑے رکھنا کامیابی کی ضمانت ہے، انہوں نے اس کانفرنس روم کی تعمیر کو سراہتے ہوے اس بات پر زور دیا کہ اس سہولت کو پوری دنیا کے مسلمانوں کے ساتھ رابطے کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال کیا جاے تاکہ اسلامی محققین اور سکالرز کے باہمی تجربات کے تبادلیسے اسلام کا اصل پیغام جو کہ امن ہے عام کرنے میں مدد ملے. انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ جملہ مسلمین ایک ہو کر علم کے منصوبوں اور باہمی تعلیمی  اشتراک پر تبادلہ خیال کے ذریعے دنیا کو اس عظیم مذہب کی  تعلیمات سے آگاہ کریں. انہوں نیکہا  جامعہ کے خلاف منفی پراپگنڈہ کرنے والے عناصر جامعہ کو ترقی کی راہ سے روکنے میں ناکام رہیں گے، ریکٹر جامعہ نے اس بات پر زور دیا کہ  کسی بھی منفی رویے کو نظر انداز کر کے ہمیں معاشرے کی خدمت کا حق ادا کرنا ہے. انہوں نے ڈاکٹر ظفر اسحاق انصاری کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔.

اس موقع پر صدر جامعہ نے پروفیسر انصاری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوے کہا کہ اس سہولت کے ذریعے فیکلٹی کے محققین و ماہرین دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کو منوائیں گے. انہوں نے کہا کہ ایسے تعمیری منصوبوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جاے گی، انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ اس سہولت کو بطور تجربہ گاہ استعمال کرتے ہوے طلبا کو زیادہ سے زیادہ سیکھنے کے مواقع فراہم کریں۔

قبل ازیں ڈاکٹر حسن الامین نے اس منصوبے کے محرکات، مقاصد اور مستقبل کے اہداف پر بریفنگ دی. انہوں نے کہا کہ یہ اقدام صدر جامعہ کے وژن کی روشنی میں کیا گیا جو کہ اسلامی یونیورسٹی کو دنیا بھر کی جامعات سے جوڑنا ہے. انہوں نے کہا کہ یہ سہولت دراصل پروفیسر انصاری کی خدمات کا ادنیٰ سے اعتراف اور خراجِ تحسین ہے. اس موقع پر ڈاکٹر ظفراسحاق انصاری کی زندگی پر ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جس کو شرکاء نے سراہا۔