اسلامی یونیورسٹی میں قانون کی تعلیم کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

علم کا حصول جس قوم کی ترجیح رہا وہ سرخرو ہوئی،ڈاکٹر فروغ نسیم کا کانفرنس سے خطاب

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ قانون کے زیر اہتمام”قانون کی تعلیم “کے موضوع پر دو روزہ کانفرنس بدھ کے روز جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں شروع ہوئی جس میں پاکستان سمیت ملائیشیا، آسٹریلیا اور چین کے مقالہ نگار و قانونی ماہرین نے شرکت کرتے ہوئے 40 کے قریب مقالات میں قانون کی تعلیم سے وابستہ چیلنجز ، مستقبل کے امکانات اور اعلیٰ قانونی تعلیم کی صورت حال پر اظہار خیال کیا۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف ڈاکٹر بیرسٹر فروغ نسیم تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سب سے مقدس قانون اللہ کا ہے کیونکہ اس کی حاکمیت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون میں جدت کا استعمال عصر حاضر کی اہم ضرورت ہے اور معاشرے میں انصاف کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ قوانین اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھا جائے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قانونی ماہرین اور اس شعبہ سے وابستہ دیگر افراد معاشرے میں تبدیلی لانے کامظہر بنتے ہیں کیونکہ یہی وہ لوگ ہیں جو ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علم کاحصول جس قوم کی بھی ترجیح رہا وہ سرخرو ہوئی اور ایسی ہی تعلیمات ہمیں اسلامی تاریخ سے ملتی ہیں۔ ڈاکٹر فروغ نسیم نے کانفرنس کے انعقاد پر اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ قانون کی اس کاوش کو بھی سراہا ۔

  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ قانونی تعلیم معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے ، تاہم اعلیٰ تعلیمی اداروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قانونی ماہرین و محققین کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر شعبہ میں درپیش چیلنجز اور امکانات کے حوالے سے سفارشات مرتب کروائیں جو کہ اس ضمن میں پالیسی سازی میں مدد گار ثابت ہوں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شعبہ قانون میں لاءکلینکس کا قیام خوش آئند امر ہے جس سے قانونی تعلیم کے معیار میں بہتری کے مواقع میسر آئیں گے ۔

اس موقع پر جامعہ کے کلیہ شریعہ و قانون کے ڈین ڈاکٹر طاہر حکیم نے اسلامی تاریخ کی روشنی میں قانون کی اہمیت پر سیر حاصل گفتگو کی اور کانفرنس کے انعقاد میں جامعہ کی انتظامیہ ، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق مکالمہ کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں شعبہ قانون کے سربراہ ڈاکٹر حافظ عزیز الرحمن نے شرکاءکو کانفرنس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس سرگرمی کا مقصد قانونی تعلیم کے ڈھانچے پر تبادلہ خیال اور نصاب پر ماہرین کے تجربات کا تبادلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے مقالات میں اعلیٰ معیاری قانونی تعلیم کی فراہمی اور شعبہ میں جامعات و ماہرین کے مابین باہمی تعاون کے مواقعوں کی تلا ش ہے ۔ کانفرنس آج جمعرات کے روز فیصل مسجد کیمپس میں اختتام پزیر ہو گی ۔