بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں آزمائشی بنیادوں پر ای آفس کا آغاز

ای آفس ڈیٹا بیس جلد پورے کیمپس میں فعال کر دیا جاے گا، صدر اسلامی یونیورسٹی
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے کاغذ کے کم سے کم استعمال اور دفتری امور کی انجام دہی کو مزید تیز تر کرنے کے لیے ای آفس ڈیٹا بیس کا آزمائشی بنیادوں پر استعمال شروع کر دیا۔
سوموار کے روز صدرِ جامعہ ھذال حمود العتیبی نے آزمائشی بنیادوں پر شروع ہونے والے ڈیٹا بیس کا افتتاح کیا اور اس کے طریقہ کار اور استعداد کا جائزہ لیا- نائب صدر انتظامی و مالیاتی امور ڈاکٹر نبی بخش جمانی نے بھی ا ی آفس ڈیٹابیس پر الیکٹرانک فارمیٹ میں فائلز کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر ھذال حمود کا کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال اور کاغذ کے کم سے کم استعمال کی پالیسی پر ترجیحاً عمل کیا جاے گا اور جلد ہی یہ ڈیٹا بیس پورے کیمپس میں فعال ہو جاے گا جس کے امور کی انجام دہی میں آسانی سمیت ان کی تکمیل میں قلیل مدت لگے گی. ان کا کہنا تھا کہ فی زمانہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق چلنا اہم ضرورت ہے اور اسلامی یونیورسٹی اس ضمن میں جدید کلاس رومز، ای آفس کے استعمال اور جدید ذرائع اپنانے پر خصوصی توجہ دے رہی۔ڈاکٹر نبی بخش جمانی کا کہنا تھا کہ ای آفس کا آغاز دراصل ایک نئے سفر کا آغاز ہے جو کہ صدر جامعہ کے وژن کا غماز ہے. ان کا کہنا تھا کہ صدر جامعہ کی ہدایات کی روشنی میں ڈیجیٹایزیشن اور امور کی بروقت تکمیل اولین ترجیحات ہیں اور انتظامیہ جامعہ کو مزید نمایاں اور ممتاز ادارہ بنانے میں کوئی بھی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔یاد رہے کہ اسلامی یونیورسٹی پہلا تعلیمی ادارہ ہوگا جو وزارت انفارمیشن و ٹیکنالوجی کے تیارکردہ ڈیٹا بیس کو باقاعدہ استعمال میں لاے گا-