فیصل مسجد میں اعتکاف کے لیے 25 افراد منتخب

بین الاقومی اسلامی یونیورسٹی کی دعوہ اکیڈمی کے زیر اہتمام رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کے آغاز پر 03 مئی بروز پیر 25 افراد فیصل مسجد میں معتکف ہوں گے جبکہ اس ضمن میں حکومت پاکستان کے وضع کردہ ایس او پیز کے اطلاق کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنا یا جاے گا۔

اسلامک سنٹر ، فیصل مسجد کے انچارج ڈاکٹر قاری ضیا الرحمن  نے بتایا کہ اکیڈمی کو موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ کرنے کے بعد فیصل مسجد میں اعتکاف کے لیے 25 افراد کو چنا گیا ہے جو کہ مسجد کے ہال میں 10 فٹ کے فاصلے کو یقینی بناتے ہوے معتکف ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عالمی وبا سے قبل فیصل مسجد میں سینکڑوں افراد معتکف ہوتے تھے  تاہم اب ایس او پیز پر عمل درآمد اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لیے صرف 25 افراد  ہی منتخب کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ معتکفین کے لیے ایس او پیز کی روشنی میں  مسجد  میں سحر و افطار کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر ضیا الرحمن نے مزید بتایا کہ فیصل مسجد اسلامک سنٹر معتکفین کے لیے خصوصی لیکچرز اور تربیتی نشستوں کا انعقاد بھی کرےگا جبکہ وہ  دعوہ اکیڈمی اور وزارت مذہبی امور کے اشتراک سے  قیام اللیل ( محفل شبینہ) میں بھی شرکت کریں  گےجس کا آغاز 25 ویں شب کو ہوگا، قیام اللیل میں ملک بھر کے نامور قراء شرکت کریں گے۔

ڈاکٹر قاری ضیا الرحمن  نے یہ بھی بتایا کہ  فیصل مسجد میں سماجی فاصلے اور دیگر ایس او پیز کے اطلاق کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور  روزانہ کی تراویح کے موقع پر  شاور گیٹس، صابن اور ماسک کا بندوبست کیا جاتا ہے اور انہی انتظامات کو اعتکاف کے دوران بھی یقینی بنایا جاے گا جبکہ ہال میں نماز کے دوران سفید چادریں  بچھا کر  روز سماجی فاصلے کے ایس اوپی پر عمل کرتے ہوے نماز ادا کی جاتی ہے۔