اسلامی یونیورسٹی اور آئسسکو کے مابین تعاون کے معاہدے پر دستخط

امت مسلہ کی جامعات مشترکہ تعاون کے اقدامات پر توجہ دیں، ڈی جی آئسسکو ڈاکٹر التویجری

جامعہ کے ادارہ تحقیقات اسلامی کی طرف سے ڈاکٹر التویجری کو خصوصی سند دی گئی

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ، اسلام آباد اور اسلامک ایجوکیشنل سائنٹیفک اینڈ کلچرل آرگنائزیشن (آئسسکو) کے مابین دو طرفہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں جس کے تحت باہمی کاوشوں سے شعبہ تدریس ، تحقیق او رتربیت کے منصوبوں کو عمل میں لایا جائے گا۔

معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب جمعہ کے روز جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقد ہوئی جس پر آئسسکو کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبدالعزیز بن عثمان التویجری ، ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یاسین زئی اور صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدیویش نے دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت فریقین کانفرنسوں ، سیمینار، ورکشاپ اور تربیتی پروگراموں کے علاوہ جدید تحقیق اور سائنس کے پروگراموں کا آغاز کریں گے۔ معاہدے میں اس بات پر بھی اتفاق کیاگیا ہے کہ جامعہ اور آئسسکو مذاکرے کے ماحول کی ترویج اور اسلام کے پیغام اعتدال کو عام کرنے کے حوالے سے خصوصی اقدامات کریں گے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر عثمان التویجری نے مسلم دنیا کی جامعات پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون کے لیے عملی اقدامات کریں ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی مسلم دنیا کا اہم اثاثہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر جامعہ کے بہترین مقاصد کے دشمن ہیں جو کہ دراصل پیغام امن کی ترویج نہیں چاہتے ۔ انہوں نے ڈاکٹر الدریویش کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی انتھک کاوشوں کے ذریعے جامعہ اور مسلم دنیا کے مابین ایک پل کا کردار ادا کر وہے ہیں۔ انہوں نے اس امر کی یقین دہائی کرائی کہ وہ دنیا بھر کے فورمز پر جامعہ کو متعارف کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔

اس موقع پر ریکٹر جامعہ کا کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی بین الاقوامیت کے ہدف پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے جس کی بہترین مثال حالیہ بورڈ آف ٹرسٹیز کا 13 واں اجلاس تھا جس میں مسلم دنیا کے مختلف ممالک کی نامور شخصیات موجود تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 30 ہزار طلباءو طالبات جو کہ 40 ممالک سے تعلق رکھتے ہیں جامعہ کو ایک منفرد ادارہ بنا دیتے ہیں جو کہ مسلم دنیا کی تقدیر سنورار رہا ہے ۔

اس موقع پر ڈاکٹر الدریویش کاکہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی ترقی کی منازل تیزی سے طے کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جامعہ کو دنیا کی بہترین درسگاہوں کی فہرست میں شامل کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے، انہوں نے بورڈ آف ٹرسٹیز اجلاس میں آمد پر ممبران اور انتظامیہ کی کاوشوں پر شکریہ بھی ادا کیا ۔

پروگرام میں ادارہ تحقیقات اسلامی کی جانب سے علمی دنیا میں تعلیم کے فروغ اور خدمات کے اعتراف مں ڈاکٹر التویجری کو خصوصی سند سے بھی نوازا گیا جبکہ جامعہ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے ایک اور ممبر شیخ حمود الدیب کو بھی ان کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی سند سے نوازا گیا ۔ ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ضیا الحق نے جامعہ کی اعلیٰ قیادت کے ہمراہ اسناد پیش کیں۔ دریں اثنا بورڈ آف ٹرسٹیز ممبران نے ادارہ تحقیقات اسلامی کا بھی دورہ کیا اور فیصل مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔