اسلامی یونیورسٹی کے 27 ویں ثقافتی میلے نے بین الاقوامی ثقافتوں کے رنگ بکھیر دیے

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے 27 ویں ثقافتی تقریبات کا افتتاح سعودی سفیرعزت مآب نواف سعید المالکی نے یونیورسٹی کے ایچ 10 کیمپس میں کیا ۔ اس موقع پر چائینہ کے سفیر یوجنگ کے علاوہ کینیا ، تھائی لینڈ ، ترکی ، افغانستان، موریشس ، عمان ، یمن ، مصر اور صومالیہ کے سفراءسمیت صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش ، نائب صدور ، ڈینز،ڈائریکٹرز، اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف المالکی نے کہا کہ تعلیمی ادارے قوموں کے برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے بہترین کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 50 سے زائد مختلف ملکوں کے طلباءاسلامی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ یہ طلباءپوری دنیا میں اسلامی یونیورسٹی کا پیغام امن و محبت پھیلارہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چائینہ کے سفیر یو جنگ نے کہا کہ دوستی قوموں کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی بنیاد ہے ۔ انہوں نے چائینز طلباءپر زور دیا کہ وہ دوسرے ممالک کے طلباءکے ساتھ اچھے روابط قائم کرکے ثقافتوں کا تبادلہ کریں ۔ بین الاقوامی یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ اس قسم کی تقریبات مختلف ممالک سے آئے ہوئے طلباءکے مابین ثقافتی ہم آہنگی روغ اور امن و رواداری کی فضا قائم کرنے کا باعث ہیں ۔ اسلامی یونیورسٹی میں 5 0 کے قریب ثقافتوں کا اکٹھا ہونای دنیا میں پاکستان اور اسلام کے تاثر کی بہتری میں اہم کردار ادا کریں گی۔

صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ یہ بین الاقوامی ثقافت کا حسین امتزاج ہے ۔ یونیورسٹی کے طلباء اسلامی بھائی چارہ کی تصویر ہیںاس قسم کی مثبت سرگرمیاں طلباءکی فکر ی آبیاری کے لیے کارآمد ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ ثقافت اسلامی یونیورسٹی کی پہچان ہے اور یہ سرگرمی دنیا بھر کی جامعات میں بین الاقوامیت کا پیغام بنتی ہے ۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر طلباءڈاکٹر طارق جاوید نے مہمانوں کا اس ثقافتی میلے میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ثقافتی تقریبات طلباءکی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنے میں نمایاں کردار کرتی ہیں۔ افتتاحی تقریب کے بعد مہمانوں نے طلباءکے سجائے گئے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور کثیر ممالک کی ثقافتوںکے خوبصورت سنگم کو دیکھ بہت متاثر ہوئے اور طلباءکی محنت کو سراہا۔ نمائش میں 40 ممالک کے سٹالز لگائے گئے تھے جن میں چائینہ ، سعودی عرب ، ترکی ، ملائشیا، افغانستان ، مصر، تھائی لینڈ ، انڈونیشیا، صومالیہ اور کئی دوسری ممالک کے سٹال شامل تھے جبکہ گلگت بلتستان، پنجاب ، خیبر پختونخواہ، سندھ ، بلوچستان، چترال اور آزاد جموں و کشمیرکے طلباءنے رنگا و رنگ سرگرمیوں میں اپنی ثقافت کا مظاہرہ کیا۔ ہفتہ ثقافت میں طلباءنے ثقافتی پریڈ ، کتاب میلہ ، پھولوں کی نمائش ، لیکچرز ، کھیل،مشاعرہ اور دیگر کئی سرگرمیوں کا انعقاد کا بھی کیا۔