مفتی اعظم مصر ڈاکٹر شوقی ابراھیم کی جانب سے پیغام پاکستان کی تائید

اسلام ایک بین الاقوامی دعوت کا نام ہے، پیغام پاکستان میں اسلامی یونیورسٹی کاکردار متاثر کن ہے: ڈاکٹر شوقی

جامعہ میں منعقدہ سیمینار میں مفتی اعظم مصر سمیت،سردار یوسف، ریکٹر و صدر جامعہ اور دیگر نامور شخصیات کی شرکت

مفتی اعظم مصر ڈاکٹر شوقی ابراھیم عبدالکریم علام نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے 18سو سے زائد علما کے متفقہ فتوے پیغام پاکستان کی تائید کرتے ہوے کہا ہے کہ ان کا ملک اتحاد امت کے لئے پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،اسلام ایک بین الاقوامی دعوت کا نام ہے جس نے پہلی اور بعد میں آنے والی تہذیبوں کو اپنے ساتھ شامل کیا۔ انہوں نے پیغام پاکستان فتوے کے حوالے سے اسلامی یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی پاکستان میں امن کے قیام اور نوجونوں نسل کی ذہنی اور اخلاقی تربیت میں متاثر کن کردار ادا کر رہی ہے۔

وہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ادارہ تحقیقات اسلامی، دعوہ اکیڈمی اور اقبال انٹرنیشنل ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ کے زیر اہتمام ” پیغام پاکستان ” کے حوالے سے منعقدہ عالمی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی، صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش، بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر ڈاکٹر طاہر امین پاکستان میں مصر کے سفیر، اراکین قومی اسمبلی،اور مختلف ممالک کے سفراءسمیت یونیورسٹی کے نائب صدور، افسران، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ پیغام پاکستان فتوے کو ملک بھر کے علماء اور مشائخ کی تائید حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور اس بیانیے کو معاشرتی سطح تک فروغ دینے میں کردار ادا کر رہی ہے تاکہ ملک سے عدم برداشت، فرقہ واریت اور دہشت گردی کی سوچ کا خاتمہ ہو۔

یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے کہا کہ علماءنے انتہا پسندی کے خلاف پیغام پاکستان کے عنوان سے فتوی جاری کیا جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دستاویز کی حثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی اسلامی اور سماجی علوم کے ساتھ ساتھ سائینس اور ٹیکنالوجی کے میدان کے ماہرین پیدا کر رہی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر ڈاکٹر طاہر امین نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کے نذرانے پیش کئے اب ضرورت ہے کہ پیغام پاکستان کے ذریعے رواداری کو فروغ اور پر امن معاشرے کے قیام کے لئے کردار ادا کیا جائے۔

صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ اسلام تمام مذاہب سے رواداری اور میانہ روی کا درس دیتا ہے تاکہ مستحکم معاشرہ وجود میں آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے تاکہ ملک میں رواداری کی فضاءقائم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی معاشرے میں اپنے اسی کردار کی بدولت قائم ہے۔

تقریب میں ریکٹر اور صدر جامعہ نے ڈاکٹر شوقی ابراھیم عبدالکریم علام اور ڈاکٹر طاہر امین کو اعلی تعلیمی خدمات اور معاشرے میں اعتدال پسندی کے فروغ کے لیے کوششوں پر اعلی تعلیمی ایوارڈ بھی دیے۔

تقریب سے رکن قومی اسمبلی روبینہ عالم، ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحقیقات اسلامی ڈاکٹر ضیاءالحق اور دعوہ اکیڈیمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سہیل حسن نے بھی خطاب کیا۔سیمینار سے قبل مفتی اعظم مصر ڈاکٹر شوقی ابراھیم عبدالکریم علام نے ادارہ تحقیقات اسلامی کی تاریخی گیلری کا دورہ کیا اور یوم پاکستان کی مناسبت سے کتب نمائش کا افتتاح کیا۔