بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں پرتشدد و افسوس ناک واقعہ

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے   نیو کیمپس میں  پرتشدد و افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں  طفیل الرحمن  نامی طالب علم جان کی بازی ہار گئے

اس افسوسناک واقعے میں 11 طلبا بھی زخمی ہوئے جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے

اسلامی یونیورسٹی کی انتظامیہ جاں بحق ہونے والے طالب علم کے خاندان کے ساتھ موجود ہے، جبکہ صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے جاے وقوعہ کا فوری دورہ کیا اور اسلام آباد انتظامیہ کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات کی ہے، صدر جامعہ نے یونیورسٹی کو 13 دسمبر بروز جمعہ بند کرنےکا اعلان کیا ہے، تاہم مزید کسی ناخوشگوار واقعےسے بچنے کے لیے ہاسٹلز کو خالی کرا دیا گیاہے

انہوں نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس ضمن میں جامعہ کے اعلی عہدیداراروں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو اس واقعے کے محرکات سے آگاہ کرے گی

اسلامی یونیورسٹی کی انتظامیہ نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہےاور اس ضمن میں متاثرین کو ہر ممکن تعاون اور امداد کی یقین دیانی کرائی ہے،  یونیورسٹی انتظامیہ اس واقعے کےذمہ داران کے خلاف کارروائی میں پیش پیش ہوگی

دریں اثنا، صدر جامعہ کی ہدایت پر اسلامی یونیورسٹی کے نائب صدور ڈاکٹر طاہر خلیلی، ڈاکٹر اقدس نوید ملک، ڈائریکٹرز خالد محمود راجہ، سید نوید احتشام اور دیگر  متعلقہ افسران ہسپتال پہنچے اور جان بحق ہونے والے طالب علم کے خاندان سے مل کر انہیں ہر ممکن تعاون  یقین دہانی کرائی جبکہ اعلیٰ عہدیداروں نے زخمیوں کی بھی عیادت کی.
جاں بحق ہونے والے طالب علم کی میت کو اسلامی یونیورسٹی کی ایمبولینس سروس کے ذریعے ان کے آبائی علاقے گلگت لے جایا جاے گا