ڈاکٹر فردوس عاشق کی صدر اسلامی یونیورسٹی سے ملاقات

            وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سے جمعرات کے روز ملاقات کی ۔

فیصل مسجد کیمپس میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور اعلیٰ معیاری تعلیم کے فروغ جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر جامعہ نے ڈاکٹر فردوس کو اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ جات، تحقیقی سرگرمیوں اور کامیابیوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ صدر جامعہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں جامعات کا کردار بہت اہم ہے اور اسلامی یونیورسٹی اس ضمن میں خصوصی کانفرنسوں ، سیمینارز اور واک کے اہتمام کے لیے پیش پیش ہے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی اعلیٰ معیاری تعلیم کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نوجوانان امت کی اسلامی اقدار میں بہترین تربیت کر رہی ہے ۔ انہوں نے صدر جامعہ کی بات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں جامعات بہترین کردار ادا کر سکتی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور ظلم قابل مذمت ہے اور ان جبر و تشدد کی کارروائیوں کے حوالے سے ہمیں پوری دنیا کو آگاہ کرنا ہو گا۔