وزارت انسداد منشیات کے وفد کا اسلامی یونیورسٹی کا دورہ

منشیات کے پھیلاو کی روک تھام  کے لیے مشترکہ  اقدامات  پر اتفاق

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی  اور وزارت انسداد منشیات نے  منشیات کے پھیلاو کی روک تھام  اور اس ضمن میں آگاہی سمیت تحقیق و  مکالمہ اور دیگر متعلقہ امور کے لیے دو طرفہ تعاون سے مشترکہ  اقدامات  پر اتفاق کیا ہے۔

اس بات پر اتفاق یہاں بدھ کے روز انسداد منشیات کے ایک وفدکے  اسلامی یونیورسٹی کےدورے کے موقع پر کیا گیا  جس کی سربراہی  وفاقی سیکرٹری  کیپٹن (ر)  اکبر حسین درانی کر رہے تھے جبکہ وزارت کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری  سبینو سکندر اور سیکشن افسر محمد ریاض ہرل بھی وفد میں شریک تھے۔ وفد نے جامعہ کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی سے ملاقات کی جبکہ اس موقع پر جامعہ کے نائب صدور  ڈاکٹر نبی بخش جمانی اور ڈاکٹر ایاز افسر سمیت جامعہ کے مشیران براے طلبا و طالبات اور پرووسٹس بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اس بات پہ اتفاق کیا گیا کہ جامعہ کے ادارے جن میں اقبال بین الاقوامی ادارہ براے تحقیق  و مکالمہ، ادارہ تحقیقات اسلامی اور دعوہ اکیڈمی شامل ہیں  اپنے  سکالرز و ماہرین کے ذریعے  منشیات کے نقصانات اور دینی ممانعت جیسے موضوعات پر  آگاہی  پھیلانے اور اس ضمن میں مکالمہ  و تحقیق میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوے  اکبر حسین درانی کا کہنا تھا کہ معاشرے میں   منشیات کے استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا اور اسی امر کو لے کر جامعات سے رابطہ کیا جا رہا ہے کہ قوم کا اہم ترین حصہ نوجوانان  ہیں جنہیں  اس عفریت سے دور رکھنا اشد ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ  منشیات کے عادی افراد  کو نفرت کی بجاے  معاشرے کا عام فرد بننے میں مدد کرنی چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ   جامعات کو انسداد منشیات کے لیے تعاون فراہم کرنا  وزارت کی اولین ترجیح ہے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوے  ڈاکٹر معصوم یاسین زئی  نے کہا کہ جامعہ میں منشیات  سے پاک ماحول کے لیے غیر معمولی اقداماے کیے گے ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جامعہ ڈرگ سائیکالوجسٹس کے لیے خصوصی ڈپلومہ کے اجرا پر بھی کام کر رہی ہے تا کہ معاشرے میں اس بڑھتے ناسور کا تدارک کیا جاے۔ انہوں نے جامعات پر زور دیا کہ  منشیات اور  اس جیسے دیگر معاشرتی و سماجی مسائل کا حل پیش کرنا جامعات کی زمہ داری ہے ، وہ  تحقیق و مکالمہ اور اپنے ماہرین کے ذریعے  ان کے حل میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ وزارت کی انسداد منشیات کے لیے وضع کردہ پالیسی پر عمل جاری رکھا جاے گا ، ان کا مزید کہنا تھا کہ  اسلامی یونیورسٹی انسداد منشیات آگاہی مہم میں پیش پیش رہے گی۔