مدارس اسلامی معاشرے کا بنیادی حصہ ہیں: ریکٹر اسلامی یونیورسٹی

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے کہا کہ رحمۃ للعالمین حضرت محمد  ﷺ   کی سیرت میں ہرزمانے کے لیے رہنمائی  کے خطوط موجود ہیں۔ زندگی کا کوئی بھی شعبہ اس رہنمائی سے محروم نہیں ہوسکتا۔ ہماری زندگیوں کا کوئی بھی شعبہ رسول اللہ ﷺ کی رہنمائی سے محروم نہیں ہوسکتا۔ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے مزید کہا کہ اسلام ایک ہمہ گیر دین ہے۔ اس کے 90 فیصد معاملات دنیا سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ 10 فیصد عبادات وغیرہ پر مشتمل ہیں۔ انہوں  نے  دینی مدارس کو معاشرے کا ایک اہم جزو قرار دیا اور کہا کہ مدارس کو معاشرے سے دور نہیں رکھا جاسکتا۔ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے قومی یکساں قومی نصاب تعلیم  کی حکومتی کاوش کو سراہتے ہوئے  کہا کہ اس کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنانے پر زور دیا اور کہا کہ دینی مدارس کو چاہیے کہ وہ حکومت کے نافذ کردہ قومی یکساں نصاب تعلیم کو اپنے اداروں میں قبول کریں  تاکہ پاکستان علمی ترقی کے میدان  ایک ساتھ آگے بڑھ سکے۔

  ہزارہ یونیورسٹی میں اقبال انٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ  کے زیر اہتمام فضلاء مدارس اور نوجوان دانشوروں  کے لیے دوروزہ ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی ہے۔ ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جمیل احمد، ممتاز دانشور اور قانون دان بیرسٹر ظفراللہ خان اور اقبال انٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ کے سربراہ ڈاکٹر حسن الامین بھی موجود تھے۔ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جمیل احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی  کے ادارہ اقبال انسٹی ٹیوٹ نے علماء، فضلاء اور طلبہ کی تربیت اور مختلف مسالک کے افراد کے مابین ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بھرپور کام کا آغاز کیا ہے۔ اس لیے کہ معاشرہ کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ مدارس اور معاصر تعلیمی اداروں کے فضلاء کے مابین بعد کو کم کیا جائے۔ اس کے لیے لازم ہے کہ مدارس کے فضلاء  کی تکریم میں اضافہ کیا جائے اور انہیں معاشرے کا محترم ترین طبقہ سمجھا جائے۔

آئی آر ڈی کے سربراہ ڈاکٹر حسن الامین نے دوروزہ ورکشاپ میں دینی مدارس کے فضلاء اور نوجوان دانشوروں کی دلچسپی کو سراہا اور اس طرح کے مزید پروگرام تسلسل کے ساتھ منعقد کروانے کا اعلان بھی کیا۔اس موقع پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی  اور ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جمیل احمد  نے باہمی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت دونوں یونیورسٹیوں میں علمی تحقیق اور مشترکہ سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔