عمان کے وزیر مذہبی امور شیخ  عبداللہ بن محمد السالمی کا دورہ اسلامی یونیورسٹی

عمان کے وزیر مذہبی امور شیخ  عبداللہ بن محمد السالمی نے منگل کے روز بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا دورہ   کیا جہاں ان کے اعزاز میں فیصل مسجد کیمپس میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوے شیخ  عبداللہ بن محمد السالمی نے کہا کہ دو طرفہ تعلیمی تعاون کے فروغ کے لیے پر امید ہیں، پاکستان میں جو محبت ملی اس پر مشکور ہوں، ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی جامعات اتحاد امت میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔

اس موقع پر وزیر مذہبی امور نور الحق قادری،عمانی سفیر سمیت  ریکٹر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یاسین زئی، صدر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوے  ڈاکٹر معصوم یاسین زئی  نے کہا کہ جامعہ میں آمد پرعمانی وزیر مذہبی امور کے مشکور ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ عمان کی جامعات اور پاکستانی جامعات کےمابین دو طرفہ تعلیمی تعاون کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی اور عمان کی جامعات مل کر جلد ایک، عالمی کانفرنس کا انعقاد کریں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوے ڈاکٹر الدریویش نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی عمانی جامعات کے ساتھ تعلیمی تعاون کے فروغ کے لیے پیش پیش نظر آے گی۔ انہوں نے اس موقع پر اسلامی یونیورسٹی کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوے جامعہ کے کلیات، ذیلی اداروں، وژن اور مستقبل کے اہداف کے حوالے سے گفتگو کی۔