مسلمین ماہ مبارک میں رحمتیں سمیٹ کر اللہ کی رضا کے حقدار بن جائیں ، ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش
صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے فیصل مسجد میں خطبہ دیا اور نماز جمعہ کی امامت کی ۔ نماز جمعہ میں اسلامی یونیورسٹی کے اعلیٰ عہدیدران سمیت جڑواں شہروں سے نامور شخصیات اور افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ خطبہ کے دوران انہوں نے کہا کہ جملہ مسلمین اس ماہ مبارک میں رحمتیں سمیٹ کر اللہ کی رضا کے حقدار بن جائیں گے، ماہ رمضان معاشرتی تربیت اور درستگی کا اہم ذریعہ ہے جس میں نماز کے قائم کرنے سے لے کرزکوة کی تقسیم تک ایک ایک عمل میں بھلائی اور دگنا ثواب ہے ۔ صدر جامعہ نے امت مسلمہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس ماہ صیام کے دوران دنیا بھر کو اسلام کے پیغام امن سے روشناس کرانے کے لیے میدان عمل میں آئیں اور ہر کونے تک اسلام کے مثبت تاثر کو پہنچائیں۔ ڈاکٹر الدریویش نے کہا کہ یہ مہینہ اس بات کا متقاضی ہے کہ نادار اور ضعیفوں کو کسی صورت نہ بھولا جائے بلکہ ان کا خیال ترجیحی بنیادوں پر رکھا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مہینہ دعا کا ہے اور اس میں ملکی سلامتی اور اس مملکت خداداد کے استحکام کے لیے مصروف عمل اس کے رکھوالوں کے لیے بھی دعا کی جائے۔ ڈاکٹر نے صبر کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ روزہ صبر کا درس دیتا ہے ، جبر اور تشدد کی نفی کرتا ہے اور اگر اس عظیم پیغام کو عملی طور پر معاشرے میں عام کیا جاجائے تو روزے کے اصل مقاصدر اور برکات سے بہتر طور پر فیض یاب ہوا جا سکتا ہے ۔
