ریکٹراسلامی یونیورسٹی سے معروف سماجی سائنسدان ڈاکٹر سامی شنر کی ملاقات ، مسلم معاشروں میں سماجی علوم کی اہمیت پر تبادلہ خیال

          ریکٹر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے ترکی کے معروف سماجی سائنس دان اور عمرانیات کے پروفیسر ڈاکٹر سامی شنر نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ دوران ملاقات مسلم ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے کردار اور مسلم معاشروں میں سماجی سائنس دانوں کی اہمیت جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر ڈاکٹر سامی شنر نے ریکٹر جامعہ کو اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے تجربات و مشاہدات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے لاہور ، مردان اور اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں مختلف سماجی موضوعات پر اپنے خطبات کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی۔

ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ مسلم معاشروں میں ماہرین سماجی علوم کی اشد ضرورت ہے اور اس شعبہ میں تحقیق جامعات کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ریکٹر جامعہ نے اسلامی یونیورسٹی میں منعقدہ پروفیسر سامی شنر کے سماجی تبدیلیوں اور دور جدید کے معاشروں میں نوجوانان کے کردار پر دیے گئے خطبات کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے ترک پروفیسر کو فیلو شپ کے ذریعے پاکستان مدعو کرنے پر جامعہ کے اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ کی بھی تعریف کی ۔ اس ملاقات میں اقبال برائے تحقیق و مکالمہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر حسن الامین بھی شریک تھے۔