رزق حلال زندگی میں برکت کا سب سے بڑا ذریعہ ہے ڈاکٹر الدریویش

صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہاہے کہ زندگیوں میں برکت کا سب سے بڑا ذریعہ رزق حلال ہے، محنت اور ایمانداری ایسے خصوصیات ہیں جو دینی اور دنیاوی ترقی کی ضمانت ہیں۔

یہ بات انہوں نے منگل کے روز اسلامی یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریشن بلاک کے دورے کے دوران کہی۔ انہوں نے بلاک میں موجود مختلف دفاتر کا دورہ کرتے ہوئے وہاں فرائض کی سرانجام دہی کا جائزہ لیاور افسران وملازمین سے پیش آنے والے مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ انہوں نے متعلقہ شعبہ جات اور عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ملازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں تاکہ وہ اپنے فرائض درست طریقے سے نبھا سکیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتظامی امور کے افسران و ملازمین مزید محنت اور لگن سے کا م کر کے اسلامی یونیورسٹی کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں گے۔ اس موقع پر صدر جامعہ کے ہمراہ نائب صدر تدریسی امور ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی ، ڈائریکٹر تدریسی امور سید نوید احتشام اور شعبہ فنانس سمیت دیگر اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔