خواتین کو ملکی ترقی میں حصہ لینے کے برابر مواقع فراہم کیے جا ئیں، ڈاکٹر الدریویش

 

صدر جامعہ کا خواتین کیمپس میں استقبالیہ تقریب سے خطاب

 

 صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے اس بات پر زور دیا ہے کہ خواتین کو ملکی ترقی میں حصہ لینے کے برابر مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں اور اس ضمن میں درسگاہوں کا کردار کلیدی ہے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز یہاں جامعہ کے خواتین کیمپس میں شعبہ اردو کے زیر اہتمام یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرنے والی نئی طالبات کے لیے منعقدہ ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ ڈاکٹر الدریویش نے کہا کہ وہ قوم کبھی بھی ترقی نہیں کر سکتی جو نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع مہیا نہ کرے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلامی یونیورسٹی کی طالبات معاشرے میں بامعنی تبدیلی کا موجب بنیں گی کیونکہ یہاں انہیں اسلامی تعلیمات و روایات سے مزین بہترین تعلیمی ماحول دیا جاتا ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے جامعہ کی انتظامیہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ رواں سمسٹر کے لیے 85000 سے زائد طلبہ و طالبات کی درخواستیں اس بات کی غماز ہیں کہ پاکستانی قوم اور امت مسلمہ اس یونیورسٹی سے گہری امیدیں وابستہ رکھتے ہیں اور یہ امر ہمارے لیے باعث اعزاز ہے ۔

تقریب سے شعبہ اردو کی چیئرپرسن ڈاکٹر نجیبہ عارف نے اپنے خطاب کے دوران طالبات کو خوش آمدید کہا اوران کی حوصلہ افزائی پر صدر جامعہ کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے شریک طالبات کو جامعہ کی روایات اور اقدار کے حوالے سے آگاہ کیا ، انہوں نے شعبہ اردو میں طرز تدریس کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔ تقریب میں خواتین کیمپس کی نائب صدر ڈاکٹر فرخندہ ضیاء، تدریسی امور کے نائب صدر ڈاکٹر طاہر خلیلی اور خواتین فیکلٹی ممبران سمیت طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثنا ڈاکٹر الدریویش نے میل کیمپس میں کلیہ سوشل سائنس اور فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا بھی دورہ کیا اور وہاں نئے سمسٹر کے آغاز کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔