اسلامی یونیورسٹی :ہفتہ ثقافت میں نمایاں پوزیشن ہولڈرز کے لیے تقریب، افغانستان،چین اور انڈونیشیا کے طلبا کامیاب منتظمین کو بھی اعزازی شیلڈ دی گئیں،

 

اسلام آباد ( ) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے دفتر مشیر طلباءکے زیر اہتمام ستائسویں ہفتہ ثقافت کے انعقاد کے دوران جملہ کمیٹیوں و عہدیداروں کی خدمات کے اعتراف اور ثقافتی نمائش میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباءکے لیے تقریب تشکرو تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس کی صدارت صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریوش نے کی ۔ اس موقع پر مقابلہ حفظ ، قرا ¿ت ، حدیث ، بین الاقوامی ثقافتی نمائش اور کلیات کی جانب سے لگائے گئے نمائشی اسٹالز میں نمایاں حیثیت حاصل کرنے والوں کو انعام اور شیلڈ دی گئیں۔بین الاقوامی ثقافتی نمائش میں اول پوزیشن افغانستان سے تعلق رکھنے والے نصیر اور اس کی ساتھیوں، دوسری پوزیشن چین سے تعلق رکھنے والے فہد اور اس کے ساتھیوں اور تیسری پوزیشن انڈونیشااور تھائی لینڈ نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔ کلیات میں پہلی اور دوسری پوزیشن بالترتیب فیکلٹی آف انجینئرنگ سائنسزاور فیکلٹی آف سوشل سائنسز نے حاصل کی۔

  صدر جامعہ نے اس موقع پر منتظمین کی خدمات اور کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ اس کامیاب پروگرام کے انعقاد سے جامعہ کا نام روشن ہوا ہے کیونکہ کئی ممالک کے سفراءاوردیگر ملکی وفود نے یونیورسٹی میں پاکستان ، سمیت دنیاکے کئی ممالک کے ثقافتی کردار کو دیکھ کر بہت خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ آئندہ اس پروگرام کو مزید بہتر کرے گا۔ صدر جامعہ نے کہا کہ طلبہ و طالبات ہمارے پاس امانت ہیں ان کی تعلیم و تربیت اساتذہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ بچوں کو شیطانی وسوسوں اور عصر حاضر کی خرافات سے بچانے کے لیے محبت اور شفقت کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں میںلگائے رکھنا چاہیے کیونکہ یہ طالب علم مستقبل میں ہمارے ملک اور ملت اسلامیہ کے معمار ہوں گے ۔ انہوں نے طلبہ کو اساتذہ کا احترام کرنے کی تلقین کی۔

قبل ازیں ہفتہ ثقافت کے چیف کوآرڈینیٹر اور اسٹوڈنٹ ایڈوائزر ڈاکتر طارق جاوید نے ہفتہ ثقافت کے انعقاد میں معاونت ، مدد اور تعاون کرنے والے احباب کا شکریہ ادا کیا اور ہفتہ ثقافت میں ہونے والے تمام پروگراموں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جس میں انتظامیہ ، اساتذہ ، ٹرانسپورٹ ، سیکورٹی، پروٹوکول ، قائمہ کمیٹیوں ، اور طلبہ انتظامی کمیٹیوں کی جانب سے دن رات کی جانے والی خدمات پر روشنی ڈالی۔