اسلامی یونیورسٹی کے وفد کی ڈاکٹر طارق بنوری سے ملاقات، مسلم ممالک کی جامعات کے مابین تعاون پر تبادلہ خیال

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے اعلیٰ سطحی وفد نے ریکٹر و صدر جامعہ کی قیادت میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری سے ملاقات کی جس میں مسلم ممالک کی جامعات کے مابین مربوط تعاون اور اسلامی سربراہی کانفرنس کے ذریعے تعلیمی میدان میں نئے منصوبوں کے اجراءکے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔اسلامی یونیورسٹی کے وفد میں ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی ، صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش ، نائب صدر ڈاکٹر اقدس نوید ملک، ڈاکٹر محمد منیر اور ڈاکٹر طاہر خلیلی شریک تھے

ڈاکٹر طارق بنوری نے ڈاکٹر احمد یوسف الدرویش کی آمد اور یونیورسٹی کے دورے کی دعوت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ یونیورسٹیوں کو با اختیار اور خود مختار بنایا جائے، اور اچھی کارکردگی کی حامل یونیورسٹی کی مدد سے چھوٹی یونیورسٹیوں کی معاونت کر کے تعلیمی میدان میں ترقی کے نئے باب کھولے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا عزم ہے کہ یونیورسٹی کے اسکالرز نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک خاص کر اسلامی ممالک میں تعلیمی معیار کی ترقی کیلئے کام کریں۔

ریکٹر و صدر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا اسلامی یونیورسٹی کے ساتھ ہمیشہ خیر سگالی کا رشتہ رہا ہے اور ڈاکٹر طارق کی سربراہی میں اس میں مزید اضافہ ہو گا جو نہ صرف پاکستان بلکہ امت اسلامیہ کی تعلیمی میدان میں ترقی کا باعث بنے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی اسلامی ممالک کی جامعات کے سربراہان کو ایک جگہ اکٹھا کرنے اور ایک اور روڈ میپ کی تشکیل میں پل کا کردار ادا کرے گی۔