اسلامی یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کا اجلاس

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کا 77واں اجلاس نیو کیمپس میں منعقد ہوا جس میں ایم ایس اور پی ایچ ڈی کے دفاع کے لیے آن لائن امتحان سمیت، کرونا کی عالمی وبا کے جاری رہنے کی صورت میں یکم جون سے آن لائن کلاسز کے اجرااور گزشتہ اجلاس کے
فیصلوں کی توثیق جیسے امور پر بحث کی گئ
 اجلاس میں صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ اس موقع پر قائم مقام صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر اقدس نوید ملک سمیت جامعہ کے نائب صدور سمیت،ڈینز، ڈائریکٹر تدریسی امور، ڈائریکٹر امتحانات، شعبہ جات کے سربراہان اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی.
دوران اجلاس اس امر کو یقینی بناے کا عزم کیا گیا کہ آن لائن منیجمنٹ سسٹم کو ہر حال میں فعال رکھا جاے گا اور عالمی وباو کے پیش نظر جامعہ کی مزید بندش کے نتیجے میں یکم جون سے آن لائن کلاسز کا اجرا کیا جاے گا. اس موقع پر شعبہ امتحانات نے ڈگری کے دفاع کے لیے مقالات کے آن لائن امتحان کے حوالے سے تفصیلات بارے اجلاس کو آگاہ کیا.
اجلاس میں بتایا گیا جملہ کلیات آن لائن منیجمنٹ سسٹم کے حوالے سے تیاریوں کو یقینی بنارہی ہیں، اس موقع پر جامعہ میں کورونا سے بچاو اور اس کے پھیلاو کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات پر بھی بحث کی گئ. شرکا نے عالمی وبا کے تناظر میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جاری کردہ ہدایات اور پالیسی پر پر عمل پیرا ہونے جیسے موضوعات پر بھی بحث کی.
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوے ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے اس بات پر زور دیا کہ جملہ کلیات میں آن لائن منیجمنٹ سسٹم کے حوالے سے ٹریننگ کو یقینی بنایا جاے اور اس نظام کے ذریعے زیادہ سے زیادہ اثمار حاصل کرنے کے لیے اقدامات کیےجائیں. انہوں نے ہدایت کی کہ انتظامیہ اور اساتذہ کسی بھی قسم کے حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں اور ہرحال میں بلا تعطل تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے پر توجہ دیں. انہوں نے حالیہ وبا میں آن لائن کلاسز اور طلبا کی رہنمائی کے لیے اساتذہ اور انتظامیہ کی کاوشوں کو بھی سراہا.
اس موقع پر ڈاکٹر اقدس نوید ملک اور نائب صدر تدریسی امور پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی نے اجلاس میں شرکت پر صدر جامعہ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کو دوہرایا کہ تعلیمی عمل کو جاری رکھنے اور آن لائن تعلیم کو بہتر سے بہتر بنانے کےلیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے.