اسلامی یونیورسٹی میں گرینڈ افطار کا اہتمام

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس میں گرینڈ افطار کا اہتمام کیا گیا جس کی میزبانی صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کی۔ اس موقع پر اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی سمیت سعودی عرب اور عمان کے سفراء، دیگر مسلم ممالک کے سفارتکار، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، راجہ ریاض فتیانہ و دیگر سیاسی شخصیات ، نامور میڈیا پرسنز اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر سفراءاور دیگ سفارتکاروں نے مختلف اسلامی ممالک میں رمضان اور عید کے حوالے سے روایات اور اسلامی ممالک میں رمضان کے حوالے سے پائی جانے والی مماثلت پر اظہار خیال کیا۔ اپنے خیالات کا اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ جملہ مسلمین اس ماہ مبارک میں رحمتیں سمیٹ کر اللہ کی رضا کے حقدار بن جائیں گے، ماہ رمضان معاشرتی تربیت اور درستگی کا اہم ذریعہ ہے جس میں نماز کے قائم کرنے سے لے کرزکوة کی تقسیم تک ایک ایک عمل میں بھلائی اور دگنا ثواب ہے ۔ صدر جامعہ نے امت مسلمہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس ماہ صیام کے دوران دنیا بھر کو اسلام کے پیغام امن سے روشناس کرانے کے لیے میدان عمل میں آئیں اور ہر کونے تک اسلام کے مثبت تاثر کو پہنچائیں۔ ڈاکٹر الدریویش نے کہا کہ یہ مہینہ اس بات کا متقاضی ہے کہ نادار اور ضعیفوں کو کسی صورت نہ بھولا جائے بلکہ ان کا خیال ترجیحی بنیادوں پر رکھا جائے۔ اس افطار ڈنر میں اسلامی یونیورسٹی کے نائب صدور ، ڈینز، ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ اعلیٰ عہدیدران نے بھی شرکت کی۔