اسلامی یونیورسٹی میں نئے بلاک کی تعمیر کا افتتاح

شعبہ انجینئرنگ اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز استفادہ کریں گے

افتتاحی تقریب میں ریکٹر و صدر کی شرکت

 

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ سول انجینئرنگ اور فیکلٹی برائے سوشل سائنسز کے لیے نئے بلاک کی تعمیر کا افتتاح کر دیا گیا۔

اس ضمن میں تقریب اسلامی یونیورسٹی کے میل کیمپس میں ہوئی جس میں ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی اور صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے شرکت کرتے ہوئے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس منصوبے کے تحت نئے بلاک کے لیے 131840 مربع فٹ جگہ مختص کی گئی جس میں 77471 مربع فٹ شعبہ انجینئرنگ کے لیے رکھے گئے ہیں جبکہ سوشل سائنسز فیکلٹی کے مختص شدہ جگہ 54369مربع فٹ ہو گی۔

تقریب میں جامعہ کے نائب صدور ، مشیران ، ڈائریکٹر جنرل، ڈینز، ڈائریکٹر ز اور دیگر متعلقہ افراد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر شعبہ منصوبہ بندی و ترقی عامر اشتیاق نے منصوبے کی لاگت، تعمیر کے لیے لائحہ عمل، تکمیل کے عرصے ، ڈیزائن اور افادیت کے حوالے سے جامع کی اعلیٰ قیادت کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا جس میں جامعہ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔ ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے جملہ شعبہ جات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی اس منصوبے کی بر وقت تکمیل سے جامعہ کے اعلیٰ تعلیم کے لیے بہترین سہولیات کی فراہمی کے ہدف کو جلا ملے گی۔ ا س موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے صدر ،ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ ایسے ترقیاتی منصوبے جامعہ کی ترقی کی علامت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تیسری بڑی جامعہ ہونے کا اعزاز رکھتے ہوئے یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے کہ 30 ہزار سے زائد طلباءو طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول فرہم کرے۔