اسلامی یونیورسٹی میں” فی زمانہ دعوت دین  “کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس اختتام پزیر

اختتامی تقریب میں سینیٹر راجہ ظفر الحق، ڈاکٹر قبلہ ایاز اور ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی کی شرکت

 

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی دعوہ  اکیڈمی کے زیر اہتمام فِی زمانہ دعوت دین کے موضوع پر منعقدہ  دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس فیصل مسجد کیمپس  میں جمعرات  کے اختتام پزیر ہو گئی،  جس کی 9 نشستوں میں دنیا بھر اور ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے مندوبین و محققین نے 70 سے زائد مقالات میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کانفرنس میں عصر حاضر اور دعوت دین کے اصول و مناہج کے علاوہ دیگر کئی اہم موضوعات کو موضوع بحث بنایا گیا ہے جن میں تبلیغ دین کے عصری پہلو ، تبلیغ دین  کے لیے درست ذرائع کا استعمال ، تبلیغ میں تعلیمی اداروں کا کردار اور دعوت دین میں جدید ذرائع ابلاغ کے استعمال کی حکمت عملی جیسے موضوعات شامل ہیں۔

کانفرنس کی اختتامی  تقریب کی صدارت  ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے  جبکہ ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ ظفر الحق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔  اس موقع پر اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز سمیت ، شریعہ کونسل لندن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صہیب حسن  اور اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طاہر محمود  بھی موجود تھے .

تقریب سےخطاب کرتے ہوئے سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ اسلامی اقدار کے احیاء اور دعوت دین کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ میڈیا کے مؤثر ذرائع استعمال کیے جائیں  اور بچوں کو دین اسلام سے قریب کرنے کے لیے ان کے لیے خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے ممالک جہاں مسلمان اقلیت میں ہیں وہاں تک دعوۃ اکیڈمی جیسے اداروں کے نمائندوں اور لٹریچر کی رسائی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منفی پراپیگنڈا کے باوجود بھی اسلام  دنیا میں سب سے زیادہ مقبول ہونے والا مذہب ہے ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قبلہ ایاز نے تاریخ اسلامی اور تبلیغ دین کے موضوع پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تبلیغ دین کو مختلف ادوار میں تقسیم کر کے تفصیلاً گفتگو کی۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے برصغیر میں دعوت دین کے لیے دینی مدارس کے کردار پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دور نو استعمار ی دور ہے اور دنیا کھلی منڈی کی معیشت اور سرمایہ دارانہ نظام کی محتاج ہے ۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین نے عصری تعلیمی نظام کے سدباب اور دین سے دوری کے خاتمے کے لیے جامع پالیسی کی تشکیل پر زور دیا۔  ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے خطاب کرتے ہوئے اسلامی یونیورسٹی کے وژن اور تعلیمی اداروں کے دعوت دین کے کردار  پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے خلاف پھیلائی گئی غلط فہمیوں کے سبب اسلاموفوبیا جیسے مسائل نے جنم لیا۔ جبکہ اسلام محبت و سلامتی کا دین ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام میں دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں بلکہ دین اسلام تو امر بالمعروف اور نہی  عن المنکر کا داعی ہے ۔ ریکٹر جامعہ نے کانفرنس کے انعقاد پر اکیڈمی کی انتظامیہ کو بھی سراہا۔ قبل ازیں اکیڈمی کے ڈی جی  ڈاکٹر طاہر محمود نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا  اور سفارشات پیش کیں۔