اسلامی یونیورسٹی میں عمرہ قرعہ اندازی،8 خوش نصیبوں کااعلان

 

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ملازمین کو عمرہ کی سعادت کے لئے منگل کے روز قرعہ اندازی کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے 8 خوش نصیب ملازمین کو عمرہ کی سعادت کا اعلان ہوا۔

قرعہ اندازی کے تقریب کی صدارت صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کی . تقریبمیں عمرہ کی سعادت کے لیے چنے جانے والے ملازمین کی مجموعی تعداد8 تھی جن میں سے یونیورسٹی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چار ، آفیسر ویلفیئر ایسوسی ایشن اور اکیڈمک ایسوسی ایشن سے دو دو عہدیدران کا اعلان ہو۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جامعہ کا کہنا تھا کہ عمرہ اور حج کی سعادت ہر مسلمان کی اولین خواہش ہوتی ہے اور آج چنے جانے والے خواتین و حضرات مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حج اور عمرہ اسلامی اتحاد و یگانگت کی عمدہ مثالیں ہیں جہاں رنگ ونسل و علاقائیت کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی جبکہ سب کی توجہ ایک ہی ذات کی خوشنودی حاصل کرنے پر ہوتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جامعہ کی انتظامیہ کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ ملازمین کو سفر حج و عمرہ پر روانہ کیا جا سکے۔ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی ملازمین پر زور دیا کہ باہمی اختلافات کو بھلا کر یونیورسٹی کی ترقی کے لیے مزید جذبے سے کوششیں جاری رکھیں۔ قرعہ اندازی کی اس تقریب میں نائب صدور جامعہ ڈاکٹر محمد منیر ، ڈاکٹر طاہر خلیلی،ڈینز ، ڈائریکٹر انتظامیہ خالد محمود راجہ اور دیگر افسران و ملازمین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔