اسلامی یونیورسٹی میں شجر کاری مہم، 1335 پودے لگائے گئے

 

مہم اسلامی یونیورسٹی اور سنٹورس مال کے اشتراک سے چلائی گئی

    بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور سنٹورس مال کے باہمی تعاون سے” سرسبز پاکستان کے لیے ایک کاوش “ کے عنوان سے شجر کاری مہم سوموار کے روز یہاں یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں شروع ہو گئی جس میں کل 1335 پودے لگائے گئے۔

تفصیلات کے مطابق شجر کاری مہم میں زیتون ، سکھ چین ، چیل اور السٹونیا کے 1335 پودے لگائے گئے۔ اس موقع پر جنرل منیجر سنٹورس عرفان الحق ، ریکٹر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی ، صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش ، جامعہ کے اعلیٰ عہدیدران ، فیکلٹی ممبران اور سنٹورس ٹیم کے ارکان نے پودے لگائے۔

اسی حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عرفان الحق کا کہنا تھاکہ پودے مستقبل میں ہمارے ماحول کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے اسلامی یونیورسٹی کی معاشرے کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ کے کردار کے پیش نظر یہ شجر کاری مہم یونیورسٹی کے ساتھ شروع کی گئی۔ انہوں نے سنٹورس مال کے مالک اور وزیر زراعت سردار تنویر الیاس کا پیغام بھی شرکاءکوپہنچایا جس میں انہوں نے کہا کہ ملک کو شجر کاری کی اشد ضرورت ہے اور تعلیمی اداروں کا کردار اس ضمن میں کلیدی ہے ۔

   تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر معصوم یسین زئی نے کہا کہ شجر کاری مہم کا فیصلہ ان کی سردار تنویر سے گزشتہ ملاقات میں دونوں اداروں نے کیا تھا جو کہ ایک انتہائی تعمیری سرگرمی ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو صرف کتابوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ان کو اپنا درست کردار ادا کرتے ہوئے معاشرتی مسائل کے حل کی طرف آنا چاہیے۔

      صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے مہم کے لیے پودوں کی فراہمی پر سردار تنویر الیاس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مستقبل میں یہ درخت ایک تعمیری تعاون کی بہترین مثال ثابت ہوں گے۔