اسلامی یونیورسٹی میں” سمسٹر سسٹم گائیڈ لائنز“کی تربیتی ورکشاپ کا افتتاح

 

امتحانی تقویمی نظام کو جدید تکنیک سے ہم آہنگ کرنا ہو گا،ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی

معیاری تعلیم فراہم کرنا اساتذہ کا فریضہ ہے، ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش

اسلامی یونیورسٹی کے ذیلی ادارہ انسٹیوٹ آف پروفیشنل ڈویلپمنٹ  کے زیر اہتمام ایچ ای سی کے تعاون سے ش”شماہی نظام میں راہنمائی “کے موضوع پر پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ فیصل مسجد کیمپس کے علامہ اقبال آڈیٹوریم میں شروع ہو گئی جس میں جڑاواں شہروں کے وفاقی نظامات تعلیم کے اساتذہ شرکت کر رہے ہیں۔

   پیر کے روز فیصل مسجد کیمپس میں منعقدہ اس تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب میں ریکٹر جامعہ ڈاکٹر محمد معصوم یٰسین زئی ، صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش ، ڈائریکٹرجنرل اکیڈمک ایچ ای سی ڈاکٹر رضا چوہان ، جامعہ کے نائب صدر تدریسی امور طاہر خلیلی ، ڈائریکٹر جنرلز، ڈینز ، ڈائریکٹر ،چیرپرسنز،فیکلٹی ممبران ، ایچ ای سی اور وفاقی نظامات تعلیم کی ڈائریکٹر ٹریننگ سعدیہ عدنان سمیت اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

   اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہاکہ صلاحیتوں کی درجہ بندی کے نظام کو جدید تکنیک کے مطابق ڈھالنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا طلبہ کا یہ حق ہے کہ اساتذہ انہیں جدید ترین طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے علم فراہم کریں۔ایک کامیاب استاد کی ایک اہم خوبی یہ کہ وہ کتنے اچھے طریقے سے اپنا علم دوسروں تک پہنچاتا ہے۔۔ اسلامی یونیورسٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہہائر ایجوکیشن نے اس پہلی تربیتی ورکشاپ کی ترتیب و انصرام کو ذمہ داری ہمارے ذیلی ادارے IPD کو سونپی ہے۔ ہم وفاقی نظامات تعلیم کے زیر انتظام کالجوں کے استاتذہ کی استعداد کار اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے جدید ترین اور تکنیکی مہارت کے طریقہ کار کو بہم پہنچانے کے لیے پر عزم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ اساتذہ کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں اجاگر کرنے کے لیے ڈگری پروگرام کا اجراءکرے گی۔ صدر جامعہ نے ایچ ای سی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اساتذہ کی شخصیت اور تربیت سازی انتہائی ضرروی ہے تاکہ وہ طلبہ کو اچھے طریقے سے پڑھا سکیں۔ میعاری تعلیم کی فراہمی اساتذہ کا اہم فریضہ ہے ۔ انہوںنے اس تربیتی ورکشاپ کے ترتیب و انعقاد پر IPD کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام میں شرکاءکو تجربہ کار اساتذہ سے استفادہ اور اپنی تدریسی مہارتوں کو نکھارنے کا موقع ملے گا۔

   اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایچ ای سی کے ڈائریکٹر جنرل اکیڈمک نے کہا کہ ہمارا محور و ہدف جدید تعلیم کاحصول ہے اور اس کے لیے ہم اعلیٰ معیاری تدریسی ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اساتذہ کے لیے اس طرح کے تربیتی پروگراموں کو پورے ملک میں وسعت دی جائے گی تاکہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اعلیٰ اور جدید ترین تعلیمی اہداف کا حصول ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی نے کالجز میں دو سالہ ڈگری پروگرام کو 4 سالہ ڈگری پروگرام میں تبدیل کر دیا ہے تاکہ تعلیمی معیار و اقدار کی بلندیوں کو چھو ا جا سکے۔  پروگرام میںIPD کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید الحسن چشتی نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بارے آگاہ کیا۔تقریب سے پروگرام کوآرڈینیٹر کاشف سہیل نے بھی خطاب کیا پروگرام کے اختتام پر ایچ ای سی ڈائیریکٹر جنرل ڈاکٹر رضا چوہان کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔