اسلامی یونیورسٹی میں سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے تقریب ، سعودی سفیر کی شرکت

 

دونوں ممالک کی خوشیاں اور غم سانجھے ہیں، سی پیک سے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، سعودی سفیر

   بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام سعودی عرب کا قومی دن منایا گیا اور اس مناسبت سے ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں سعودی سفیر نواف المالکی کی موجودگی میں کیک کاٹاگیا۔

سعودی عرب کے 88 ویں قومی دن کے حوالے سے منعقدہ اس تقریب میں سعودی سفیر کے علاوہ مولانا طاہر اشرفی ، جامعہ کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی ، صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش ، ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد ضیاءالحق ،ڈینزاور آئی آئی یو آئی سکولز کے بچوں نے شرکت کی۔ سکولز کے بچوں نے دونوں ممالک کے قومی ترانے پڑھے اور سعودی سفیر کا والہانہ استقبال کیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی خوشیاں اور غم سانجھے ہیں اور دنیا مستقبل میں دیکھے گی کہ سی پیک کے ذریعے دونوں برادر ممالک کے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو جائیں گے۔ انہوں نے اسلامی یونیورسٹی کی جانب سے تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جلد صدر اسلامی یونیورسٹی کو سعودی حکومت کی جانب سے خوشخبری دی جائے گی۔ ان کا مزید کہناتھا ک دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت نے و زارتی سطح پر تبادلہ خیال پر اتفاق کیا ہے اور جلد ایک وفد پاکستانی عہدیداروں سے ملاقات کرے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو کوئی بھی طاقت علیحدہ نہیں کر سکتی۔ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ محبت و عقیدت کے رشتے میں جڑے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ فیصل مسجد اور اسلامی یونیورسٹی دونوں ہی مضبوط پاک سعودی تعاون کی واضح مثالیں ہیں ۔

ریکٹر معصوم یٰسین زئی کا کہناتھا کہ سعودی عرب کا قومی دن یہاں انتہائی مسرت و محبت سے منایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سفیر نے پاکستانیوں کے دلوں کو جیت لیاہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی تعاون اسلامی یونیورسٹی کے لیے اس کی ابتداءسے جاری ہے۔ ریکٹر جامعہ کا مزید کہنا تھا کہ دو طرفہ محبت اور تعاون برادر ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔

 

   ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش ، صدر جامعہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ کی نعمت ہے اور پاک سعودی تعلقات ہر گزرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بھرپور تعاون پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جامعہ کے جملہ عہدیدران سعودی عرب سے محبت کا والہانہ اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی سعودی قوم کی اس خوشی کو ان کے ساتھ مل کر منا رہی ہے ۔ تقریب سے ڈاکٹر ضیاءالحق نے بھی خطاب کیا اور پاک سعودی دوستی پر روشنی ڈالی۔

تقریب کے آخر میں سعودی عرب کے جھنڈے کی تصویر سے مزین کیک بھی کاٹا گیا۔