اسلامی  یونیورسٹی میں” جرمنی میں طلباء و محققین کے لیے مواقع” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

پاکستان اور جرمنی کے مابین مضبوط تعلقات استوار ہیں، جرمن سفیر

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی  کے زیر اہتمام “جرمنی میں طلباء و محققین کے  لیے مواقع” کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار فیصل مسجد کیمپس  کے قائد اعظم  آڈیٹوریم میں منعقد ہوا ۔ اس سیمینار کا انعقاد شعبہ ترجمہ و ترجمانی  اور دفتر مشیر طلباء کے زیر اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی جرمن سفیربرنہارڈ   اور مہمان اعزاز صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سمیت  دیگر جرمن سفارت کار، وظائف مہیا کرنے والے ادارے ڈاڈ   (DAAD)  کے نمائندے  ، یونیورسٹی کے اعلیٰ عہدیدران اور طلباء کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جرمنی کے سفیر برنہارڈ  شلیگہاک نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین پچھلی 7 دہائیوں سے مضبوط تعلقات استوار ہیں جبکہ 1951 سے لےکر اب تک دونوں طرف سے مختلف شعبوں میں مثالی تعاون سامنے آیا ہے۔ جرمن سفیر نے کہا کہ جرمن سفارت خانہ، تعلیمی ادارے اور وظائف فراہم کرنے والے جرمن ادارے پاکستانی طلبا کے لیے تعلیم کے بہتر مواقعوں کی فراہمی اور ان کی تدریسی و فنی استعداد کار کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جرمنی میں 90.ہزار کے قریب پاکستانی معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہےجبکہ معیشت کے استحکام اور گورننس میں مزید بہتری کی غرض سے دونوں ممالک دوطرفہ تعاون کے لیے کوشاں ہیں۔

اس موقع پر تقریب سے بطور مہمان اعزاز  خطاب کرتے ہوے صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی دنیا بھر  کی جامعات  کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے عالمی سطح پر تعلیم کے معیار کی بلندی اور  تدریسی  نظام کی بہتری کے لیے جامعات کے مابین زیادہ سے زیادہ تجربات کے تبادلوں پر زور دیاڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے، انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی اسلام کے پیغام عدم تشدد کی ترویج کے لیے کوشاں ہے

سیمینار سے سے جرمن فرسٹ سیکرٹری کیھترین  میرین پی فنگز نے خطاب کرتے ہوے جرمن اداروں میں پاکستانی طلبا کے لیے تعلیم کے مواقعوں پر  روشنی ڈالی۔ سیمینار سے وظائف  فراہم کرنے والے جرمن ادارے  ڈاڈ کی ڈائریکٹر نج اقبا نے بھی خطاب کیا اور جرمنی تعلیمی اداروں جیسے وظائف اور داخلے کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر جرمن یوتھ ایمبسڈر میرین فینگ نے بھی نوجوانوں کی جرمنی میں تعلیم کے موضوع پر خطاب کیا ۔ قبل ازیں فیکلٹی آف عریبک کے ڈین ڈاکٹر محمد بشیر نے استقبالیہ خطبے میں شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔ پروگرام کے آغاز میں شعبہ ترجمہ و ترجمانی کے سربراہ ڈاکٹر انعام الحق غازی نے سیمینار کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی جبک نائب صدر جامعہ ڈاکٹر طاہر خلیلی نے یونیورسٹی کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔