اسلامی یونیورسٹی: دعوہ اکیڈمی کے زیر اہتمام100واں تربیت ائمہ و خطباءپروگرام اختتام پزیر 

دعوة اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام 100 واں تربیت ائمہ و خطباءپروگرام اختتام پزیر ہو گیا۔ اس کورس میں خیبر پختوانخواہ، بلوچستان، پنجاب، سندھ،اور ملک کے دیگر علاقوں کی مساجد میں مامور29 آئمہ و خطباءشریک ہوئے جس کا دورانیہ 3 ماہ تھا۔

کورس کی اختتامی تقریب یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقد ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی جامعہ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش تھے۔ اس موقع پر دعوہ اکیڈمی کے ڈائیریکٹر جنرل ڈاکٹر طاہر محمود، سربراہ شعبہ تربیت ڈاکٹر شاہد رفیع، کورس انچارج ڈاکٹر حافظ احمد حماد، ایسوسی ایٹ کوارڈینیٹر سید وحید احمد اور دعوہ اکیڈمی کے دیگر اساتذہ و انتظامیہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر الدریویش نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سائنسی اور سماجی تحقیق کے نئے پہلو جاننے کے لیے قرآن مجید سے استفادہ کیا جائے کیونکہ جملہ علوم کی ماخذ یہی عظیم کتاب ہے ۔ انہوں نے ائمہ پر زور دیا کہ وہ معاشرے کے وہ اہم افراد ہیں جو تفرقہ بازی جیسے مسائل کے خاتمے اور باہمی رواداری کی ترویج میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے آئمہ کورس کے کامیاب انعقاد پر دعوةاکیڈمی کے انتظامات کی تعریف کی ۔ صدر جامعہ نے شرکاءکورس سے مخاطب ہو کر کہا اس پروگرام سے آپ نے اپنے مقتدیوں کے لیے بڑا علمی سرمایہ اکٹھا کیا ہو گا۔ دعوة اکیڈمی کے اس پروگرام دعوت دین کے حوالے سے جو بھی معلوما ت آ ٓپ تک پہنچی ہیں وہ آپ حکمت اور بصیرت کے ساتھ محراب و منبر کے ذریعے دوسروں تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارا رہن سہن، گھر اور معاملات دین کے مطابق نہیں ہوں گے ہم کامیاب نہیں ہو سکتے اور غیر مسلم کو اسلام کی دعوت اسی صورت میں ہی اپنی طرف کھینچے گی جب ہمارا قول و فعل دین کے صحیح تصور کے مطابق ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امت مسلمہ کی اس یونیورسٹی سے بڑی توقعات وابسطہ ہیں ہم دعوت دین کے دائرے کو ملک سے باہر تک لے کر جائیںگے تاکہ وہ یہاں سے تربیت حاصل کر کے اپنے اپنے ممالک میں اس ادارے کے سفیر کے طور پراس کام کو آگے بڑھائیں اور اس سلسلے میں دعوہ اکیڈمی پہلے ہی اپنی سرگرمیوں کا دائرہ کار بڑھا چکی ہے۔

قبل ازیں، ڈی جی دعوہ نے کورس کے مقاصد اور تفصیلات پر گفتگو کرتے ہوے صدر جامعہ کے مسلسل تعاون اور رہنمائی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور مسقبل کے اہداف پر روشنی ڈالی .پروگرام کے آخر میں صدر جامعہ نے شرکاءمیں تکمیلی کورس کے سرٹیفکیٹ تقسیم کیے ۔