بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد اور انڈونیشیا کی سیارف ہدایت اللہ اسلامی یونیورسٹی نے مائیکرو فنانسنگ کی تدریس میں تعاون اور تجربات سے استفادے کے لیے اساتذہ و طلباءکے وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کی سیارف ہدایت اللہ اسلامی یونیورسٹی کے تعلیمی وفد نے جمعرات کے روز بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نیو کیمپس کا دورہ کیا۔ جہاں اس نے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی ،صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش ، نائب صدر انتظامی امور ڈاکٹر محمد منیر اور ڈائریکٹر انتظامیہ خالد محمود راجہ سمیت جامعہ کے کلیات کے سربراہان و عہدیدران سے ملاقات کی ۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفد کے سربراہ ڈاکٹر اسیپ سیف الدین جہار نے بتایا کہ یہ تعلیمی وفد خالصتاً اس لیے جامعہ کا دورہ کر رہا ہے کہ یہاں موجود اسلامی مائیکرو فنانس کے ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کر کے مسلم دنیا میں بہتر ین مالیاتی نظام کے لیے راہیں تلاش کی جا سکیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وفد کے ماہرین شریعہ و قانون اور اصول الدین کے اساتذہ کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کریں گے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس وفد کے ذریعے دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت ملے گی ۔ ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا درس و تدریس کے نامور اداروں
کے مابین بامعنی تعاون مسلم دنیا کے حالات بدل سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کے معاہدوں کو عملی شکل میں ڈھالنا انتہائی ضروری ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے وفد کو اسلامی یونیورسٹی کا تفصیلی تعارف پیش کیااور جامعہ کے وژن، کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں بارے تفصیلاً آگاہ کیا۔ انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ اسلامی یونیورسٹی مسلم دنیا کی ترقی کی خاطر جملہ تعلیمی و تحقیقی اداروں کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے گی۔ بعدازاں وفد نے جامعہ کے بین الاقوامی ادارہ برائے اسلامی اقتصادیات ، شریعہ اینڈ لاءفیکلٹی اور اصول الدین کے شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود اساتذہ و ماہرین سے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
