اسلامی یونیورسٹی :آئی آرڈی کے زیر اہتمام “رمضان اور اعتدال پسندی “کے موضوع پر پروگرام

نامور صحافیوں ،آئمہ و خطبا کی شرکت

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ (آئی آر ڈی) ، کے زیر اہتمام”رمضان اور اعتدال پسندی” کے موضوع پر ایک  پروگرام  اور افطار عشائیہ  کا اہتمام کیا گیا   جس میں  اسلام آباد،راولپنڈی کی مساجد کے ائمہ وخطباء،مدارس کے اساتذہ، نمایاں علماء کرام اور نامور اینکر و میڈیا پرسنز   سمیت  یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی،   صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش،  نائب صدر ڈاکٹر اقدس نوید ملک،آئی آر ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر حسن الامین  ڈینز اور  ڈائریکٹر زجنرل  نے شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے اپنے کلمات میں مکالمہ کی اہمیت اور اعتدال و میانہ روی میں جامعات کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی اور آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔  بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اعتدال اور میانہ روی  کا دین ہے۔ اسلام افراط وتفریط کے رویوں سے بلند ایک ایسا طرزعمل ہے جس میں انسانیت کا احترام ملحوظ رکھے جانے پر سب سے زیادہ زور دیاگیا ہے۔

ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے  کہا کہ اسلام کے پیغام امن و محبت کو دنیا بھر میں عام کرنے کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرون اولیٰ کے مسلمان اعتدال اور میانہ روی کے باعث اسلام کا پیغام دنیا کے دوردراز خطوں تک پہنچانے میں کامیاب رہے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج بھی اگروہی رویہ اپنایا جائے اور لوگوں تک اسلام کا حقیقی پیغام پہنچایا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ لوگ اسے آگے بڑھ کر قبول نہ کریں۔

ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نےوسطیت  کے فروغ اور انتہاپسندی کے خاتمہ کے لیے اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور آئی آر ڈی اسلام کے اعتدال اور میانہ روی کے پیغام کو عام کرنے کے لیے کوشاں ہیں ۔ یونیورسٹی نے نہ صرف ملک میں بلکہ ملک سے باہر بھی اس سلسلے میں بھرپور کام کیا ہے۔ قبل ازیں ڈاکٹر حسن الامین نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔تقریب میں سلیم صافی، خورشید ندیم ، مظہر برلاس اور اعزاز سید  سمیت کئی نامور صحافیوں نے شرکت کی۔