اسلامی یونیورسٹی:دعوة اکیڈمی کے زیر اہتمام خواتین اساتذہ کے لیے اسلامی تربیتی پروگرام اختتام پزیر

دعوہ مرکز برائے خواتین، دعوة اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام خواتین اساتذہ کا اسلامی تربیتی پروگرام اختتام پزیر ہو گیا۔ اس کورس میںملک کے مختلف حصوں سے 34 خواتین اساتذہ شریک ہوئیں جس کا دورانیہ 14 دن تھا۔

کورس کی اختتامی تقریب یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی جامعہ کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی تھے جبکہ دعوہ اکیڈمی کے ڈائیریکٹر جنرل ڈاکٹر سہیل حسن اوردیگر اساتذہ و انتظامیہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

   ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی تربیتی پروگرام کے کامیاب انعقاد پر دعوةاکیڈمی کے انتظامات کی تعریف کی ۔ ریکٹر جامعہ نے شرکاءکورس سے مخاطب ہو کر کر کہا اس پروگرام سے آپ نے اپنے طلباءکے لیے بڑا علمی سرمایہ اکٹھا کیا ہو گا۔ دعوة اکیڈمی کے اس پروگرام کے ذریعے دعوت دین کے حوالے سے جو بھی معلوما ت آٓپ تک پہنچی ہے وہ حکمت اور بصیرت اور درس و تدریس کے ذریعے دوسروں تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارا رہن سہن، گھر اور معاملات دین کے مطابق نہیں ہوں گے ہم کامیاب نہیں ہو سکتے اور غیر مسلم کو اسلام کی دعوت اسی صورت میں ہی اپنی طرف کھینچے گی جب ہمارا قول و فعل دین کے صحیح تصور کے مطابق ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

  انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امت مسلمہ کی اس یونیورسٹی سے بڑی توقعات وابسطہ ہیں ہم دعوت دین کے دائرے کو ملک سے باہر تک لے کر جائیںگے تاکہ وہ یہاں سے تربیت حاصل کر کے اپنے اپنے ممالک میں اس ادارے کے سفیر کے طور پراس کام کو آگے بڑھائیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی تربیت کے لیے اساتذہ کی تربیت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ تعلیم و تربیت اور اخلاقی قواعد کے ساتھ وہ ایک مختلف استاد ہو۔ اسی صورت میں گھروں کی زندگیوں میں بہتری آئے گی اور معاشرے میں تبدیلیاں نظر آئیں گی۔

پروگرام کے آخر میں ریکٹر جامعہ نے شرکا ءکورس میں تعلیمی کورس کے سرٹیفکیٹ تقسیم کیے ۔