اسلامی ترقیاتی بنک کے وفد کا دورہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی

 

اسلامی ترقیاتی بنک کے چھ رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا جہاںوفد نے ریکٹر و صدر جامعہ سے ملاقات کی اور بنک کی معاونت سے بنائے گئے سنٹر فار ایڈوانسڈ الیکٹرونکس اینڈ فوٹو ولٹک انجینئرنگ پر بریفنگ لی اور شراکت داری کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر مختلف سفارشات چیلنجز اور نتائج کا جائزہ لیا گیا ۔ وفد کو سنٹر کے مقاصد ‘جاری منصوبوں ‘تحقیق اورلائی گئی جدید ترین مشینری پر سینٹر کی طرف سے انجینئر محمد شعیب نے بریفنگ دی جبکہ اس اجلاس کو ریکٹر جامعہ کی زیر صدارت منعقد کیا گیا ۔

اجلاس و بریفنگ میں مرکز کی کمرشلائزیشن اور ایچ ای سی کے ذریعے ملک بھر کی جامعات سے استفادے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریفنگ میں سنٹر کی کامیاب پراڈکٹس کے حوالے سے بھی تفصیلا آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ ایم ایس اور پی ایچ ڈی اسکالر ز سمیت دیگر محققین پیٹنٹس پر کام کر رہے ہیں ۔ جن میں میٹرالوجی گریڈ سپیکٹرو سکوپک الیسپو میٹر‘ چپ کی تیاری ‘ الیکٹرو فزیکل پراسس ریلائبلٹی جیسی مشینوں اور منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ اراکین وفد نے بنک کی شراکت داری اور معاونت سے تیار کردہ جدیدلیبارٹریز کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک بہترین کاوش قرار دیا۔

وفد کی جانب سے نمائندہ انعام اللہ خان نے بتایا کہ فوٹو ولٹک سے متعلقہ امور پر اب بنک رکن اسلامی ممالک کو اسلامی یونیورسٹی کی طرف لا رہا ہے تاکہ پوری امت اس مرکز سے فائدہ اٹھائے ، ان کا مزید کہنا تھا اسلامی ترقیاتی بنک ایچ ای سی کے ساتھ مل کر زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مالی معاونت کے پروگراموں کو بھی رکن ممالک کے لیے متعارف کرانے جا رہا ہے۔ اجلاس میں سائنس و ٹیکنالوجی فنڈ پر جامعہ اور بنک کے مابین تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے خطاب کرتے ہوئے بنک کے تعاون کو سراہا اور بتایاکہ جامعہ کے مراکز پوری امت کے لیے ہیں ان کا مزید کہناتھا کہ اسلامی یونیورسٹی امت مسلمہ اور معاشرے کی ضروریات سے متعلقہ تحقیق و ترقی پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس سنٹر جیسے جدید ترین منصوبوں کے ذریعے نئے دور کے تقاضوں سے مطابق کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وفد نے صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سے بھی ملاقات کی ۔ ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جامعہ نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی پوری امت کے نوجوانون کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کر رہی ہے ۔ ان کا کہناتھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ فوٹو والٹکس جیسی دیگر اہم ٹیکنالوجیز کے لیے نوجوانان امت کو اغیار کی طرف نہ دیکھنا پڑے ۔

بعد ازاں وفد نے سنٹر کا دورہ کیا اور وہاں تیار کے گئے پراڈکٹس اور مشینری کو بہترین قرار دیا۔