ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتما م پاکستانی معاشرے کی تشکیل جدید کے موضوع پر ورکشاپ

دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستانی کاوشوں کا تجزیہ اور فرقہ واریت کے اثرات جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال
دشمن عناصر معاشرے کی مسلکی اور فروعی فالٹ لائنز کو نشانہ بنانا چا رہے ہیں: ڈاکٹر قبلہ ایاز
پیغام پاکستان اجتماعی دانشمندی کی بہترین مثال ہے، بیانیے کی آواز اقوام متحدہ کے ایوانوں تک جا پہنچی ہے: ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام’’ پاکستانی معاشرے کی تشکیل جدید‘‘ کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ ورکشاپ فیصل مسجد کیمپس میں اختتام پزیر ہوئی جس میں شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پیغام پاکستان کے قومی بیانیے کے فروغ میں جامعات کا کردار کلیدی ہے اور اسے نصاب کا حصہ بنایا جانا نا گزیر ہے جبکہ اس ورکشاپ میں دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستانی کاوشوں کا تجزیہ اور فرقہ واریت کے اثرات اور تدارک جیسے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
اس کانفرنس میں ملک بھر کے مختلف اداروں سے معاشرے کے مختلف طبقات و پیشہ جات کی نمائندگی کرنے والے چالیس ماسٹر ٹرینرز نے شرکت کی ۔ کانفرنس کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز تھے جنہوں نے کونسل کی طرف سے پیغام پاکستان بیانیے کے حوالے سے خدمات بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ قومی بیانییے کا سفارش شدہ مسودہ کونسل نے پارلیمنٹ کو بھیج دیا ہے جبکہ قومی بیانیے کو جامعات کے نصاب میں شامل کرنے کی سفارش بھی اسلامی نظریاتی کونسل کر چکی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمن عناصر سی پیک جیسی بڑی ترقی سے حواس باختہ ہو چکے ہیں اور اب وہ ہمارے معاشرے کی مسلکی اور فروعی فالٹ لائنز کو نشانہ بنانا چا رہے ہیں۔ انہوں نے قومی بیانیے کی تشکیل اشاعت اور ترویج میں ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل اور اسلامی یونیورسٹی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
تقریب کی صدارت ڈائریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی کر رہے تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیغام پاکستان کے بیانیے کی گونج پوری دنیا میں سنی جا سکتی ہے اور یہ آواز اب اقوام متحدہ کے ایوانوں تک جا پہنچی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پیغام پاکستان اجتماعی دانشمندی کی بہترین مثال ہے ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ملک کی ترقی میں جامعات کے کردار اور ملک کو 56 ملین نوجوانان کی امن و سلامتی کے نصاب کی روشنی اور ماحول میں تربیت پر زور دیا۔ قبل ازیں ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد ضیاء الحق نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد ، پیغام پاکستان کی تشکیل کے مراحل اور ماسٹر ٹرینرز کے پروگراموں پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے تشکیل جدید کے حوالے سے آئندہ دنوں ہونے والی سرگرمیوں بارے بھی آگاہ کیا۔