صر حاضر کی ضروریات سے مطابقت رکھنے والا نصاب وقت کی اہم ضرورت ہے:   ڈاکٹر ھذال حمود

 صدر بین الاقوامی  اسلامی  یونیورسٹی  ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے کہا ہے کہ  عصر حاضر کی ضروریات سے مطابقت رکھنے والا نصاب وقت کی اہم ضرورت ہے جو  تحقیقی و تدریسی ترقی اور اعلی معیاری  تعلیم کی فراہمی کو ممکن بنا سکتا ہے جبکہ   فی زمانہ    جامعات کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے  کیونکہ اب ان کا کردار معاشرے کے مسائل کا حل پیش کرنے والے اداروں کے طور پر کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں فیصل مسجد کیمپس میں  درس وتدریس میں بہتری اور اساتذہ کے لیے عملی وسائل کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوے کیا  جس کا انعقاد دفتر نائب صدر تدریسی امور  اور جامعہ  کےانسٹی ٹیوٹ آف پروفیشنل ڈویلپمنٹ نے کیا  تھا ۔

اپنے خطاب میں صدر  جامعہ نے کہاکہ اسلامی یونیورسٹی کے پاس بہترین وسائل ہیں اور جامعہ اپنے اساتذہ اور دیگر جملہ عہدیداران  کی بدولت  بہت جلد ایک بہترین عالمی  ادارہ بننے کی صلاحت رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلامی یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ میں بہتری ٓئی ہے جو ہمارے  کامیابی کے طرف سفر کی ایک علامت ہے اور اب جامعہ  دنیا کی  بہترین چھ سو سے آٹھ سو جامعات کی فہرست میں  شامل ہو گئی ہے۔ انہوں نےاحساس ذمہ داری کے رویہ کو فروغ دینے پر زور دیا۔انہوں نے کہا  کہ جامعہ  کے اساتذہ کے پاس تمام معیارات اور صلاحیتیں ہیں جو کسی بھی یونیورسٹی کو اعلیٰ بین الاقوامی اداروں کی صف میں شامل ہونے کے لیے درکار ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  امور کی انجام دہی میں تاخیر اور مایوسی کا رویہ کیمپس میں عام نہیں ہونا چاہیے بلکہ اہداف کے حصول کے لیے امید اور محنت کے خواص کو اپنایا جانا چاہیے۔  صلاحیتوں کو نکھارنے اور استعداد کار کو بڑھانے   کے لیے تربیتی  پرگراموں   کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر ھذال  نے کہا کہ یونیورسٹی کا مختلف شعبوں کے ذریعے مزید تربیتی پروگرام  شروع کرنے کا منصوبہ ہے تاکہ تحقیق اور تعلیم  کے شعبہ میں یونیورسٹی کی پوزیشن بہتر ہو۔ انہوں نے فیکلٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ طلباء کو اپنی ترجیح بنائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا اولین مقصد طالب علموں کے مسائل کو حل کرنا ہے۔قبل ازیں ، نائب صدر (تدریسی امور) ڈاکٹر ایاز افسر نے ورکشاپ  کے مقاصد اور مستقبل کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا صدر جامعہ  کے وژن کے مطابق ، یونیورسٹی کو دنیا بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی فہرست میں لانے کے خواہاں ہیں۔ اختتامی سیشن میں تمام ڈینز ، سینئر فیکلٹی ممبران اور آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران بھی شریک تھے جن میں ڈاکٹر محمد شیراز دستی ، کاشف سہیل ملک ، ڈاکٹر شازیہ نورین ، شاہ نواز کھوکھر ، ڈائریکٹر تدریسی  امور ملک یعقوب اعوان اور ڈائریکٹر آئی پی ڈی ، سید نوید احتشام شامل ہیں۔