بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی  اور چیمبر کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ

صنعتی شعبے کیلئے تحقیقی  منصوبوں کے فروغ پر اتفا ق

اکیڈمیا اور  شعبہ صنعت کے مابین رابطہ  وقت کی اشد ضرورت ہے، ڈاکٹر ھذال حمودالعتیبی  

 بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور  اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے مابین  مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ شعبہ صنعت  اور شعبہ  تعلیم  کے روابط کو مضبوط کر کے صنعتی شعبے کے اہم مسائل کو حل کرنے کیلئے تحقیقی  منصوبوں کو فروغ دیا جاسکے۔ اس سلسلے میں چیمبر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی  نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر اسلامی یونیورسٹی  کے نائب صدور ڈاکٹر نبی بخش  جمانی اور ڈاکٹر احمد شجاع سید  بھی موجود تھے۔

مفاہمت کی یادداشت کے مطابق دونوں اداروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ مشترکہ کوششوں سے طلبا میں صنعتی شعبے کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اپلائیڈ ریسرچ پراجیکٹس کی حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ صنعتی شعبہ بہتر ترقی کر سکے۔ اس کے علاوہ دونوں ادارے مشترکہ طور پر ایسے اقدامات پر کام کریں گے جو صنعتوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ان کی پیداواری لاگت کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوں۔ دونوں ادارے مشترکہ طور پر باہمی دلچسپی کے امور پر کانفرنسیں، سیمینار، ورکشاپس، جاب فیئرز، تحقیقی منصوبے، آگاہی سیشن اور دیگر پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام منعقد کریں گے۔ دونوں ادارے باہمی تعاون کے ذریعے طلباء کے لیے انٹرن شپ پروگرام اور تربیتی پروگرام ترتیب دینے کی کوشش کریں گے۔

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے طلباء مقامی صنعت کو درپیش چیلنجوں کی نشاندہی کرنے کے لیے تحقیقی کریں گے جن کو چیمبر اور اسلامک یونیورسٹی کی مشترکہ ٹیموں کے سامنے پیش کیا جائے گا تا کہ ان پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی چیمبر کے ممبروں کے طلباء کو یونیورسٹی کے طے کردہ میرٹ پر ٹیوشن فیس میں 10 فیصد رعایت فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی چیمبرکے سفارش کردہ اور ڈونر ایجنسی کے معیار پر پورا اترنے والے تین مستحق طلباء کو ہر سال اپنی مختلف اسکالرشپ اسکیموں کے ذریعے ٹیوشن فیس میں مکمل چھوٹ دینے کی کوشش کرے گی۔ چیمبر انڈسٹری کے نمائندوں اور اسلامک یونیورسٹی کی فیکلٹی اور طلباء کی مشترکہ میٹنگز کا اہتمام کرے گا تاکہ نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے۔ چیمبریونیورسٹی کو ایسے ٹریننگ پروگرام کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا جو اس کے یا سرکاری اداروں کی جانب سے مختلف شعبوں میں فیکلٹی اور طلباء کی صلاحیت بڑھانے کے لیے منعقد کئے جائیں گے۔ چیمبر انڈسٹری میں اسلامک یونیورسٹی کے طلباء کے لیے انٹرن شپ کے مواقعوں کی بھی نشاندہی کرے گا اور صنعتی یونٹوں، تجارتی اور کارپوریٹ اداروں میں ان کو انٹرنشپ فراہم کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔

اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ طلبا میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کیلئے چیمبر اور یونیورسٹیوں کے مابین مضبوط روابط کا قیام بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر مختلف یونیورسٹیوں کے ساتھ معاہدے کرکے مضبوط انڈسٹری اکیڈمیا روابط کو فروغ دینے کے لیے کوشاں کیونکہ یہ روابط مہارت کی ترقی، علمی معیشت اور کاروبار کو فروغ دینے کے لیے بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان مضبوط روابط نجی شعبے اور تعلیمی اداروں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر تحقیق و ترقی کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیمبر اور اسلامی  یونیورسٹی کا باہمی تعاون نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے اور صنعتوں کے اہم مسائل کو حل کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

 بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی  نے اپنے خطاب میں کہا شعبہ صنعت  اور شعبہ  تعلیم  کو قریب لا کر پاکستان میں نالج اکانومی کو بہتر فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں معیاری تحقیقی کا کام کر رہی ہیں جو یونیورسٹیوں اور صنعتی شعبے کے درمیان مضبوط روابط کو فروغ دے کر صنعتوں کیلئے کافی فائدہ مند ہو سکتا ہے اور ان کے اہم مسائل کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیمبر اور اسلامی  یونیورسٹی کے درمیان تعاون کا معاہدہ طلبا کو کاروبار کی طرف راغب کرنے اور صنعتی شعبے کو جدید خطوط پر ترقی دینے میں معاون ثابت ہو گا۔